مریم نواز کے علاوہ کن لوگوں کے پاس ایسی ویڈیوز ہیں ؟حامد میر نے تہلکہ خیز دعوی کردیا

2019 ,جولائی 6



اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نواز کے پاس ایسی ویڈیوز موجود ہیں جو ملک میں طوفان کھڑا کر دیں گی، مسلم لیگ نون نے اب اعلان جنگ کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے صحافیوں کے پاس کئی بڑی اور اہم ویڈیوز موجود ہیں لیکن کسی میں انہیں جاری کرنے کی ہمت نہیں، جڑواں شہروں کے عدالتی رپورٹرز کو بہت کچھ معلوم ہے لیکن وہ اپنی زبان نہیں کھول سکتے۔ اب صحافیوں کو بھی ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جو ویڈیو جاری کی وہ بہت اہم ہے اور سپریم کورٹ آف پاکستان اس کی تحقیقات کرائے۔سینئر صحافی نے کہا کہ مسلم لیگ نون کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے حکومت اس وقت سے ڈرے جب مریم نواز دوسری ٹیپ چلائیں گی اور اس سے بڑا طوفان آئے گا۔ مریم نواز کے پاس اس سے بڑی ویڈیو موجود ہے۔

    نجی نیوز چینل ہم نیوز کے پروگرام ”بریکنگ پوائنٹ ود مالک“ میں حامد میر نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ جج ارشد ملک کا اپنی ویڈیو پر بیان سامنے آنا چاہیے ورنہ اس ویڈیو کو حقیقت سمجھا جائے گا، اگر اس ٹیپ کی تحقیقات نہیں کی گئیں تو یہ بات زبان زد عام ہو جائے گی کہ سب ملے ہوئے ہیں، حکومت نے ایسے حالات پیدا کر دیے کہ مریم نواز ایسی ٹیپ سامنے لے کر آئی ہیں اور ان کے پاس مزید ثبوت بھی موجود ہیں جو آہستہ آہستہ سامنے لانے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔حامد میر نے کہا کہ عمران خان اس وقت حزب اختلاف سے ڈرے ہوئے ہیں اور وہ اب ان کو جلسہ کرنے کی بھی اجازت نہیں دے رہے۔ رانا ثنا اللہ نے اپنی گرفتاری سے چار روز قبل ہی ایک میٹنگ میں کہہ دیا تھا کہ حکومت سے ہاتھ نہیں ملانا یہ ہمیں ہر صورت میں گرفتار کریں گے۔

    حامد میر نے کہا کہ عمران خان عام آدمی کو بے وقوف نہ سمجھیں لوگوں کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا، اب میڈیا کو چپ کرا کر آپ کامیاب نہیں ہو سکتے کیونکہ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر اتنا اٹھے گا کہ پھر اس کو دبایا نہیں جا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر بات کرنے سے اسی لیے منع کیا گیا ہے کہ شاید انہوں نے بات ماننے سے انکار کر دیا تھا اور جج ارشد ملک پر اب یہ فرض ہو گیا ہے کہ وہ سامنے آکر اپنی ویڈیو کی حقیقت سے آگاہ کریں۔سینئر صحافی نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے جو لوگ وفاداریاں تبدیل کریں گے انہیں بہت زیادہ مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا اور لوگ انہیں چھوڑیں گے نہیں۔ فارورڈ بلاک والے عوام کو شکل دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اب اینٹی عمران خان بن گئے ہیں جس سے انہیں بہت نقصان ہو گا۔ انہیں عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔

    متعلقہ خبریں