پانچ ماہ تک لڑکی کو مسلسل جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے والا 6سالہ بچہ

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت سے خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کی خبریں آنا معمول کی بات ہے اور اس حوالے سے یہ ملک دنیا میں سرفہرست ہے لیکن اب وہاں سے ایک ایسی خبر آ گئی ہے کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک 6سالہ بچے کو 8سالہ لڑکی کے ساتھ مسلسل 5ماہ تک جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ حیران کن واقعہ مہاراشٹر کے شہر پونے میں پیش آیا۔ یہ بچہ اکیلا نہیں بلکہ اس گینگ کا حصہ تھا جو بچی سے اجتماعی زیادتی کرتا رہا۔ گینگ کے باقی ملزمان کی عمریں بالترتیب9،10،12اور 18سال ہیں۔
اس گینگ کی وحشیانہ حرکت کا پردہ اس وقت چاک ہوا جب بچی نے پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی اور اس کا والد اسے ڈاکٹر کے پاس لے کر گیا۔ ڈاکٹر نے چیک اپ کے بعد بچی کی والدہ کو بلانے کو کہا۔ والدہ آئی تو ڈاکٹر نے اسے بتایا کہ ”مجھے خدشہ ہے کہ اس بچی کے ساتھ جنسی زیادتی ہوئی ہے جس کی وجہ سے یہ درد میں مبتلا ہے۔“ ڈاکٹر کے اس انکشاف پر جب والدین نے بچی سے پوچھ گچھ کی تو اس نے سب کچھ بتا دیا۔
پولیس انسپکٹر ملند گائیکواد کے مطابق بچی نے بتایا کہ ”پہلی بار اسے 18سالہ ملزم گھر سے چاکلیٹ دلانے کے بہانے ورغلا کر اسی علاقے کے ایک اپارٹمنٹ میں لے گیا اور دیگر ملزمان کے ساتھ مل کر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ گینگ کے ارکان اور بچی ایک ہی علاقے کے رہائشی ہیں اور گینگ کے کم عمر رکن بچی کے ساتھ ایک ہی سکول میں پڑھتے ہیں۔ اس کے بعد وہ مسلسل پانچ ماہ تک مختلف جگہوں پر لیجا کر بچی کو زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔تمام لڑکوں کے خلاف بچی سے زیادتی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔“