کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کرنے کیلئے نکلا ہوں، بلاول بھٹو زرداری

2019 ,جولائی 6



ڈی آئی خان(مانیٹرنگ رپورٹ) چیئر مین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ میں اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کرنے کیلئے نکلا ہوں، ذوالفقار علی بھٹو نے لوگوں کو جینے کا شعور دیا ،میں عوام کے معاشی حقوق کاتحفظ کرنے کیلئے نکلا ہوں ۔ ڈی آئی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ ہم سرزمین پاکستان کا دفاع کرتے رہے گے ، کے پی میں جتنے منصوبے لگے ان میں سے زیادہ تر ذوالفقار علی بھٹو شہید اور پیپلز پارٹی نے لگائے ۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے ایک آمر کا مقابلہ کیا ، ذوالفقار علی بھٹو نے اصلاحات کیں اور غریبوں کوروزگار دیا۔

 محترمہ بے نظیر بھٹو نے ایف سی آر کیخلاف آواز اٹھائی ، ان کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک شہادت کا رشتہ بھی ہے ، کوئی آپ کے درد کونہیں سمجھ سکتا جس طریقے سے میں سمجھ سکتا ہوں کیونکہ میں بھی اسی آگ کے دریا سے گزرا ہوں ۔ بلاول نے کہا کہ میں شہیدوں کا مشن پورا کرنے کیلئے اس سرزمین پر کھڑا ہوں، ہم یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ ہمارے پیاروں کوکیوں چھینا گیا ؟ ان کے قاتل کون ہیں ؟ ہم کس کے ہاتھوں پر اپنا لہوتلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کے شہاد ت کا انصاف کب ملے گا ؟ یہ سوال پوچھنا ہمارا حق ہے ۔ کیوں دنیا ہمارابیانیہ کیوں نہیں سن رہی اور کیوں ہمارا موقف تسلیم نہیں کیا جارہا ؟جومقدس لہو اس دھرتی کیلئے بہاہے ، یہ اس کے ساتھ مذاق نہیں تو کیاہے ، یہ سوال پوچھنا ہمارا حق ہے ۔ آج میں اس دھرتی پر کھڑا ہوں جس کوکبھی آمریت اورکبھی دہشتگردی نے نشانہ بنایا ، قبائلی علاقوں کو پیپلز پارٹی نے ترقی دی ، پیپلزپارٹی نے ٹانک تک سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی ۔

    متعلقہ خبریں