انسانی سمگلروں نے نوکری کا جھانسہ دے کر 2 سگی بہنوں کے ساتھ ایسا کام کیا کہ انسانیت بھی دنگ رہ جائے

فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک): نواحی علاقہ میں خواتین کو بیرون ملک فروخت کرکے ”دھندہ“ کرنے والے انسانی سمگلر گروہ کا انکشاف ہوا ہے مذکورہ گروہ نے نوکری کا جھانسہ دے کر دو سگی بہنوں کو سعودی عرب لے جاکر جسم فروشی کے اڈے پر فروخت کردیا۔ مغوی خواتین کی والدہ انصاف کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئی۔ تحصیل پیر محل ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقہ 327 گ ب کی رہائشی شمیم بی بی زوجہ تاج محمد نے تقریباً ایک ماہ قبل ایف آئی اے کو دی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ 312گ ب کے رہائشی انسانی سمگلر فاروق ولد باقر نے تین ماہ قبل مجھ سے رابطہ کرکے بتایا کہ سعودی عرب میں ایک عرب فیملی کو خواتین گھریلو ملازمین کی اشد ضرورت ہے۔ آنے جانے کا خرچہ وہی ادا کریں گے اور وہاں پر دیگر سہولیات کے ساتھ عمرہ بھی اپنے خرچے پر کروائیں گے اور مجھے اپنے ساتھیوں ثمینہ بی بی زوجہ امتیاز اس کے بیٹے حسن سے ملوایا اور گواہان کے سامنے ہم سے تمام بات چیت کرکے فاروق اور اس کے ساتھی حرا زوجہ وسیم نے مل کر میری دو بیٹیوں آمنہ بی بی بیوہ شریف اور صوبیہ بی بی زوجہ شمیر کے پاسپورٹ بنوائے اور تقریباً تین ماہ قبل حرا زوجہ وسیم دیگر ملزمان کے ساتھ میری دونوں بیٹیوں کو سعودی عرب اپنے رشتہ داروں وقاص اور اس کی بیوی عرشیہ نمرہ عرف ببلی کے پاس لے گئی۔ جہاں پر تینوں ملزمان نے مبینہ ملی بھگت سے میری دونوں بیٹیوں کو جرائم پیشہ گروہ کے ہاتھ فروخت کردیا۔
میری بیٹیوں نے انتہائی مشکل سے ہمیں فون کرکے بتایا کہ مذکورہ ملزمان نے ہمیں فروخت کردیا ہے اور یہ گروہ ہم سے جسم فروشی کا دھندہ کرواتا ہے۔ ہم سے بیس بیس گھنٹے کام لیا جاتا ہے اور کھانے میں صبح و شام تھوڑے سے ابلے ہوئے چاول اور دال دی جاتی ہے۔ کام سے انکار کرنے والے کو ننگی تاروں سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور ہمیں قتل کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ شمیم بی بی کے مطابق دونوں خواتین کے چار، چار بچے ہیں جو ماﺅں کے نہ ہونے کی وجہ سے بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ میں نے 312 گ ب میں فاروق وغیرہ سے رابطہ کرکے بیٹیوں بارے بات کی تو انہوں نے ہمیں دھمکیاں دیں کہ ہم نے آپ کی بیٹیوں کو بیرون ملک بھجوادیا ہے اور اب ہمارا کوئی تعلق نہ ہے۔ اگر ہم سے دوبارہ پوچھا تو تم سب کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا دیں گے اور اگر تم اپنی بیٹیوں کو زندہ واپس چاہتے ہو تو ہمیں چار لاکھ روپے ادا کرو۔ شمیم بی بی نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق انسانی سمگلر میں ملوث گروہ کے 6ملزمان میں سے دو کو گرفتار کرلیا گای باقی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔