فن مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کی آج 67 ویں سالگرہ

2017 ,دسمبر 24



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک):  فن مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کی 67 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے، فن کی دنیا میں مزاح سے لے کر پیروڈی تک اسٹیج سے ٹیلی ویژن تک معین اختر وہ نام ہے، جس کے بغیر پاکستان ٹیلی ویژن اوراردو مزاح کی تاریخ نامکمل ہے۔معین اختر 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انھوں نے اُنیس سو چھیاسٹھ میں سولہ سال کی عمر میں پاکستان ٹیلیویژن سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا، معین اختر کی وجہ شہرت کسی ایک شعبے کی مرہون منت نہیں تھی، وہ فن کی دنیا کے بے تاج بادشاہ تھے۔وہ بحیثیت اداکار، گلوکار، صداکار، مصنف، میزبان اور ہدایت کار معین اختر نے اپنی صلاحتیوں کا لوہا منوایا، ان کے مشہورٹی وی ڈراموں میں روزی، آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی ،ہاف پلیٹ اور عید ٹرین نمایاں ہیں۔ان کے مشہور اسٹیج ڈراموں میں، بچاؤ معین اخترسے، ٹارزن معین اختر، بے بیا معین اختر، بکرا قسطوں پر، بایونک سرونٹ، بس جانے دو معین اختر،قابل ذکر ہیں۔

یہ وہ پہلے پاکستانی فنکار ہیں جن کے مجسمے کو لندن مشہور مومی عجائب گھر مادام تساؤ میں نصب کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اس کے علاوہ معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سمیت کئی قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔پاکستان کی پہچان بننے والے معین اختر کا انتقال 22 اپریل.2011 کو کراچی میں ہوا ، مگر اپنے مداحوں کے دل میں آج بھی زندہ ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے کئی برس پاکستانی فلم انڈسٹری کو دیے اور انہوں نے جو کام کیا اس نے فن اداکاری میں نیا معیار طے کیا۔معین اختر کی صلاحیتوں کا ایک اور شاہکار ان کا ٹی وی شو لوز ٹاک ہے۔ اے آر وائی ڈیجیٹل پر پیش کیا جانے والا یہ پروگرام معین اختر اور انور مقصود کی بیش بہا صلاحیتوں کا شاہکار ثبوت ہے۔اس پروگرام میں انور مقصود میزبان ہوا کرتے تھے جبکہ معین اختر مختلف بہروپ بھر کر مہمان کی صورت انٹرویو دیتے تھے۔ یہ دونوں لیجنڈری شخصیات طنز و مزاح میں معاشرے کی تلخ سچائیوں کو اس طور اجاگر کرتے تھے کہ دیکھنے والا ہنستے ہنستے ماتم کرنے پر مجبور ہوجاتا تھا۔

متعلقہ خبریں