لونگ کے حیرت انگیز طبی فوائد

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اپریل 30, 2019 | 17:45 شام

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): انڈونیشیا سے لے کر پاکستان تک لونگ کو کئی ادویہ سمیت کھانوں میں مہک اور ذائقے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے تاہم اب ماہرین نے اس چھوٹی سی شے کے کئی اہم خواص دریافت کیے ہیں جو انسانوں میں شفا کی وجہ بن سکتے ہیں۔ کئی ممالک میں لونگ کو کئی امراض کے علاج میں استعمال کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب ماہرین نے تحقیق کے بعد لونگ کے درج ذیل طبی فوائد بیان کیے ہیں۔

منہ کو صحت مند رکھے

pk/2018/01/healty-mouth-1517346154.jpg" style="height:300px; width:450px" />

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ منہ کی اندرونی صحت اور تندرستی برقرار رکھنے کے لیے لونگ اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سائنس دانوں نے لونگ کے ماؤتھ واش کا موازنہ دنیا کے بہترین ماؤتھ واش سے کیا تو انکشاف ہوا کہ لونگ سے بنے ماؤتھ واش دنیا کے مہنگے ماؤتھ واش سے بہتر اور مؤثر ہوتے ہیں۔ لونگ سے بنے ماؤتھ واش، مسوڑھوں کی خرابی اور دانتوں پر جمے میل کو کم کرنے میں بہت معاون ثابت ہوئے ہیں۔ لونگ میں موجود طاقتور اجزا منہ کے جراثیم ختم کرکے جلن اور سوزش کو کم کرتے ہیں۔

ذیابیطس بھگائے 

ایک تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ لونگ سے حاصل ہونے والا ایک جزو نائگریسن چوہوں میں انسولین جذب ہونے کا عمل بڑھاتا ہے اور انسولین سے مزاحمت کو کم کرتا ہے۔ یہ چوہے ذیابیطس کے شکار تھے اور نائگریسن لبلبے کو بہتر بناکر بی ٹا سیل کی کارکردگی کو بھی بڑھاتے ہیں۔

ماہرین نے لونگ کی افادیت معلوم کرنے کے لیے اس کا پاؤڈر بنایا اور چوہوں کو کھلایا۔ جن چوہوں کو لونگ کا سفوف دیا گیا ان میں دیگر چوہوں کے مقابلے میں شکر کی مقدار کم ہوئی جو خون میں گلوکوز کی شرح کے تحت ناپی گئی تھی۔ واضح رہے کہ اس تجربے میں چوہوں کے دونوں گروہ ذیابیطس کے شکار تھے۔

 کینسر کے خلاف ایک ہتھیار

لونگ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس خلیاتی سطح پر ٹوٹ پھوٹ اور ڈی این اے کے بگاڑ کو روکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اینٹی آکسیڈنٹس کی جتنی مقدار نصف چمچے لونگ کے پاؤڈر میں ہوتی ہے اس کی مقدار نصف کپ بلیوبیری سے بھی زیادہ ہوتی ہے۔

ایک اور تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ لونگ کئی طرح کے سرطانی خلیات کے پھلنے پھولنے کی رفتار کو کم کرتی ہے اور بڑی آنت کے سرطان میں بھی لونگ مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ اس عمل کو کینسر کے شکار چوہوں پر بھی آزمایا گیا ہے جس سے معلوم ہوا کہ اس سے سرطانی رسولیوں کو کم کرنے میں حیرت انگیز کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔ کینسر تیزی سے پھیلنے والا مرض ہے اور لونگ اس عمل کو روکتی ہے۔

موٹاپا  دور کرے

لونگ میں موجود مفید اجزا پورے جسم اور خصوصاً جگر پر چربی بننے کے عمل کو کم کرتے ہیں۔ چوہوں پر کیے گئے تجربات سے انکشاف ہوا ہے کہ لونگ سے حاصل شدہ بعض کیمیکل موٹاپے کو روکتے ہیں اور پورے بدن میں چربی کو زائل کرتے ہیں۔

لونگ کے سائیڈ افیکٹس اور دیگر خطرات

لونگ کے تیل کے جہاں بہت سے فوائد ہیں وہاں اس کے کچھ منفی اثرات اور نقصانات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ لوگ کا تیل آنکھوں، سانس کی نالی اور جلد میں سوزش پیدا کرسکتا ہے۔ یہ فوری طور پر بھڑک سکتا ہے اور اگر اس کا تیل پی لیا جائے تو جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

رپورٹ شدہ ایک کیس کے مطابق ڈیڑھ سالہ بچے کو لونگ کے تیل کی 10 ملی لیٹر مقدار اس کی ماں نے پلائی جس سے فوری طور پروہ بچہ کوما کا شکار ہوا بعد ازاں اس کا جگر ناکارہ ہوگیا اور وہ ہلاک ہوگیا۔

اس لحاظ سے لونگ کا استعمال اپنے معالج کے مشورے سے کرنا ہی بہتر ہوگا۔