شہبازشریف کی نیب ٹیم کو دھمکیاں

2019 ,جولائی 6



لاہور(مانیٹرنگ رپورٹ)مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف منی لانڈرنگ کیس میں گزشتہ روز پیشی پر نیب کو دھمکیاں دیتے رہے۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ صدر ن لیگ منی لانڈرنگ کیس میں گزشتہ روز پیشی پر سوالات کے جوابات دینے کی بجائے نیب کی ٹیم کو دھمکیاں دیتے رہے، شہباز شریف نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد معاملات ٹھیک ہوجائیں گے، سب کودیکھوں گا۔

مجھے بار بار بلاتے ہیں کسی کو معافی نہیں ملے گی، جو کیا ہے سب کا بہت جلد بدلہ ملے گا، مجھے یاد ہے سب کی ایک ایک بات ذہن میں رکھی، نیب کی ٹیم کے سوال ”آپ کو یاد ہے گفٹ کہاں سے ملے؟“کا جواب دیتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ مجھے یادنہیں کہ گفٹ کہاں کہاں سے ملے ہیں، نیب کے سوال”آپ کی اہلیہ کے اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے پیسے منتقل ہوئے؟“ کے جواب میں شہباز شریف نے کہا کہ ایسے سوالات کیوں کر رہے ہیں؟ نیب ٹیم نے کہا کہ اہلیہ آپ کی ہیں، سوال بھی آپ سے ہی کریں گے، صدر ن لیگ نے کہا کہ مجھے کچھ نہیں معلوم، آپ اہلیہ کو بلا کر پوچھ لیں، نیب ٹیم کے سوال ”آپ کو بتانا ہوگا کہ پیسے کہاں سے آئے؟“ کے جواب میں شہبازشریف نے کہا کہ جائیں میں نہیں بتاتا آپ مجھے پکڑلیں، جو کرنا ہے کرلیں۔

متعلقہ خبریں