بلوچستان اور سندھ کے بعد لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ژالہ باری ، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے

2019 ,اپریل 16



لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ اور پنجاب میں چلنے والی گرد آلود ہواﺅںاور بارشوں کے بعدہونے والی ژالہ باری نے اب لاہور کا رخ کرلیا ہے۔لاہور میں پیر کے روز سے تیز ہواﺅں اور بارش کا سلسلہ جاری ہے جو منگل کے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا۔آج لاہور میں سہہ پہر شروع ہونے والی رم جھم بارش اب تیز ژالہ باری کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔ لاہور میں ژالہ باری کے باعث سڑکوں نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی اور برفباری کا گمان ہونے لگا ہے۔ تیز ژالہ باری کے باعث لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ خیال رہے کہ کوئٹہ سے 124 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع زیارت میں آج برف باری ہوئی ہے، سطح سمندر سے 2،543 میٹر بلندی پر واقعہ سیاحتی مقام پر برف باری معمول سے ہٹ کرہے۔کوئٹہ شہر میں گزشتہ چار روز سے بارشوں کو سلسلہ جاری ہے ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں بارش کی صورتحال‬ کچھ اس طرح ریکارڈ کی گئی ہے۔ کوئٹہ اور ژوب میں 37،جیونی 26،پسنی میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ‬‫گوادر میں 13،سبی میں 11 ملی میٹر بارش رکارڈ،‫اورماڑہ میں 5، قلات 4،خضدار 3، اور نوکنڈی میں 2 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا ہے ایران میں بننےوالابارش کانظام فی الحال بلوچستان ،پنچاب اور کے پی میں موجود ہے، بارش کانظام کراچی سمیت پورے سندھ سے نکل چکاہے۔ تاحال کوئٹہ، چمن سمیت شمالی بلوچستان میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سیلابی ریلے آنے سے رابطہ سڑکوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بلوچستان کے مختلف شہروں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نےتباہی مچادی ۔ مکانات گرگئے جبکہ رابطہ سڑکیں متاثر ہوئی ہیں، کئی علاقےزیرآب آگئے۔ بلوچستان میں حالیہ بارش سے ہلاکتوں کی تعداد نو ہوگئی ہے ۔کوئٹہ ،مستونگ، قلات،بولان،زیارت اور چمن میں بارش کاسلسلہ جاری ہے ۔بولان میں سیلابی ریلے سےبلوچستان سندھ شاہراہ پرٹریفک معطل چمن میں سڑکیں تباہ ہوگئیں ۔دکی کےکئی علاقے زیر آب آگئے۔ مکان کی چھت گرنے سے خاتون زخمی ہوگئیں۔کوہلومیں موسلادھار بارش کے سبب اب تک کئی کچےمکانات منہدم ہوچکے ہیں ۔ضلع بھر میں الرٹ جاری کردیاگیا ۔

متعلقہ خبریں