بچپن کی یاد تازہ ۔۔۔ پاکستانی کی لیجنڈ نیوز کاسٹر ’ عشرت فاطمہ ‘ نے ایسے انداز میں خبریں پڑھ دیں کہ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا

2019 ,اپریل 1



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی وی کی لیجنڈ نیوزکاسٹر عشرت فاطمہ کو 23مارچ پر صدرمملکت عارف علوی نے پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا۔ نیوزکاسٹر کے طور پر اپنی بہترین کارکردگی پر یہ اعزاز پانے کے گزشتہ دنوں وہ ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں میزبان کی فرمائش پر انہوں نے ایک مرتبہ پھر خبریں پڑھ کر ماضی کی یاد تازہ کر دی۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘کے مطابق اس موقع پر عشرت فاطمہ نے اسی طرح دوپٹہ سر پر لے رکھا تھا جیسے ہم انہیں پی ٹی وی پر دیکھتے تھے اور پورے وقار کے ساتھ خبریں پڑھیں۔عشرت فاطمہ کے دوبارہ خبریں پڑھنے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی تو صارفین کہیں ماضی میں کھو گئے۔ اویس نامی شخص نے اس ویڈیو پر لکھا کہ ”او مائی گاڈ! آپ ہمیں دہائیاں پہلے کے 9بجے کے خبرنامے میں لے گئیں۔“ منروا احمد نامی لڑکی نے لکھا کہ ”آج ہم خبریں پڑھنے کے اس انداز کو بہت یاد کرتے ہیں۔ اس وقت خبریں سن کر ایسا نہیں لگتا تھا کہ جیسے آسمان گرپڑا ہو یا دنیا ہی ختم ہونے جا رہی ہو۔ آج کل کے نیوز کاسٹرز کو ان سے سیکھنا چاہیے کہ کیسے خبریں پڑھتے ہیں۔“ضیاءشوکت نے کہا کہ ”انہیں سن کر میں واپس اپنے بچپن میں چلا گیا جب پی ٹی وی پر 9بجے کا بلیٹن سنا کرتے تھے۔“

متعلقہ خبریں