پاکستانی آدمی بیگ میں کوکین بھر کر دبئی ائیرپورٹ پہنچ گیا

2018 ,دسمبر 11



دبئی(مانیٹرنگ رپورٹ) دبئی ایئرپورٹ پر پاکستانی شہری کو منشیات سے بھرے بیگ کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ شخص تھائی لینڈ جا رہا تھا۔ راستے میں اس کی پرواز کچھ وقت کے لیے دبئی ایئرپورٹ پر رکی۔ یہ شخص متحدہ عرب امارات میں پہلے سے مطلوب تھا چنانچہ اس کے سامان کی تلاشی لی گئی تو ایک بیگ میں سے 1.3کلوگرام کوکین برآمد ہو گئی۔

    رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ملزم متحدہ عرب امارات میں منشیات سمگلنگ اور ایک شخص کی موت کے مقدمے میں مطلوب تھا۔ اس نے سمگلنگ کے لیے مرنے والے شخص کے پیٹ میں کوکین سے بھرے کئی کیپسول ڈالے تھے جس سے اس کی موت واقع ہو گئی تھی تاہم ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہو کر پاکستان چلا گیا تھا۔ گزشتہ روز پکڑے جانے پر ملزم نے کہا کہ ”بیگ میرا ہے لیکن اس کے اندر کیا ہے یہ مجھے نہیں معلوم۔ یہ بیگ مجھے میرے ایک کزن نے دیا تھا اور کہا تھا کہ تھائی لینڈ میں ہمارے ایک انکل کو دے دوں۔“ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے اور 24دسمبر کو مقدمے کا فیصلہ متوقع ہے۔

    متعلقہ خبریں