’اگر اتنے پیسے نہ دیے تو نواز شریف کے گھر کی چار دیواری گرادیں گے‘ وزیر داخلہ نے اعلان کردیا

2019 ,جولائی 27



ننکانہ صاحب (مانیٹرنگ رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے نواز شریف کے گھر کی چار دیواری پر آنے والے اخراجات کی رقم سرکاری خزانے میں جمع نہ کرائے جانے کی صورت میں اسے گرانے کا اعلان کردیا۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے ضلع ننکانہ صاحب کے شہر منڈی فیض آباد میں ڈگری کالج برائے خواتین کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اور زرداری نے اپنے بیرونی دوروں پر قومی خزانہ کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا،نواز شریف نے غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 83 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کیے جبکہ آصف زرداری نے 134 دوروں پر ایک ارب 42 کروڑ 15 لاکھ روپے خرچ کیے۔ نواز شریف کے گھر کی چار دیوراری پر اٹھنے والے 28 کروڑ روپے کے اخراجات قومی خزانہ میں جمع نہ ہوئے تو دیوار کو گرا دیا جائے گا۔

    اعجاز شاہ کا مزیدکہنا تھا کہ تعلیمی سہولیات کی فراہمی بچوں کا بنیادی حق ہے انہیں اس حق سے محروم نہیں ہونے دیں گے، گورنمنٹ ڈگری کالج منڈی فیض آباد میں 10 کلاس روم اور 10 لیبارٹریز کی سہولت موجود ہے، کالج کی عمارت کیلئے مخیر حضرات کی طرف سے مہیا کی جانے والی 8 کنال اراضی پر ان کا شکر گزار ہوں، ڈگری کالج برائے خواتین منڈی فیض آباد کی تعمیر میں کل 9 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت آئی۔

    متعلقہ خبریں