بھائی سائیکل کونسی خریدوں۔۔۔۔۔۔؟ نامور گلوکار فاخر نے انوکھے اسٹائل سے عمران حکومت پر چڑھائی کردی

2019 ,اپریل 30



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) اوگرا نے پیٹرول 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کردی ۔اس خبر پر معروف پاکستانی گلو کار فاخر بھی چپ نہ رہ سکے اور لوگوں سے سائیکل خریدنے کے لیے مشورے مانگنے لگے ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز سے متعلق خبر شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے کہا کہ بھائیوں مجھے تجویز دیں کہ کونسی سائیکل خریدنی چاہیے ۔ اوگرا نے یکم مئی سے پیٹرول 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی ہے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 89 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ مٹی کا تیل فی لیٹر 7 روپے 46 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 6 روپے 40 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اوگرا کی جانب سے پیٹرول کی نئی قیمت 113 روپے 26 پیسے، ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 32 پیسے، مٹی کے تیل کی نئی قیمت 96 روپے 77 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 86 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی ۔

متعلقہ خبریں