ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے والے کرس گیل کو ’انعام‘ بھی مل گیا

2019 ,جولائی 27



کنگسٹن (مانیٹرنگ رپورٹ) ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیا تو ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انہیں بھارت کیخلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ کرس گیل نے مارچ میں کہا تھا کہ وہ ورلڈکپ 2019ءکے بعد ریٹائرمنٹ کا سوچ رہے ہیں لیکن پھر ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے اپنا فیصلہ بدل لیا۔ ویسٹ انڈیز کے قائم مقام ہیڈ کوچ فلوئڈ ریفر کا کہنا ہے کہ کرس گیل بہت قیمتی کھلاڑی ہیں جو ڈریسنگ روم میں بہت سا علم، اور تجربہ لاتے ہیں اور ان کی موجودگی سے دیگر کھلاڑیوں کو بہت حوصلہ ملتا ہے۔

    گیل اس وقت گلوبل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں وینکوور نائٹس کیلئے کھیل رہے ہیں اور ون ڈے سکواڈ میں شمولیت کا مطلب ہے کہ اگر ان کی ٹیم گلوبل ٹی 20 کے ناک آﺅٹ مرحلے میں پہنچ گئی تو وہ سیمی فائنل اور فائنل نہیں کھیل سکیں گے۔ بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے سکواڈ میں شمولیت سے کرس گیل کو کسی بھی ویسٹ انڈیز بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز اور ویسٹ انڈیز کیلئے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کا موقع مل گیا ہے۔ یہ اعزاز برائن لارا کے پاس ہے جنہوں نے ویسٹ انڈیز کیلئے ون ڈے کرکٹ میں 10,348 رنز بنا رکھے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے کسی بھی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ 10,405 رنز بنانے کا اعزاز بھی برائن لارا کے پاس ہے اور کرس گیل کو یہ ریکارڈ توڑنے کیلئے بالترتیب 10 اور 12 رنز کی ضرورت ہے۔

    متعلقہ خبریں