سلمان خان انسانیت سے محبت میں کسی سے پیچھے نہیں

2018 ,مارچ 29



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک): بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے بچی کی زندگی بچانے کے لئے اپنا ’بون میرو‘ عطیہ کردیا۔ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کا شمار انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے لیکن وہ فلمی دنیا کے علاوہ بھی بڑے دل کے مالک ہیں اور اس بات کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ دوسروں کی مدد کرنے میں سلو میاں کوئی کسر نہیں چھوڑتے اور  کسی کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے جب کہ اب ان کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی ہے کہ انہوں نے 2010 میں ایک بچی کی زندگی بچانے کے لئے اپنا بون میرو عطیہ کیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے بون میرو ٹرانسپلانٹ کی ضرورت مند پوجا نامی بچی کو اپنا ’بون میرو‘ عطیہ کرکے نہ صرف اُس کی جان بچائی بلکہ بھارت کے پہلے ’بون میرو‘ ڈونر بھی بن گئے اور ان کے اس عمل میں اُن کے بھائی ارباز خان نے بھی ساتھ دیا۔ بون میرو ٹرانسپلانٹ کرنے والے ڈاکٹر سنیل پاریخ نے سلمان خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب سلمان خان کو بچی کی بیماری کا پتہ چلا تو انھوں نے پوجا کے کیس کا مطالعہ کیا جس کو فوری بون میرو ٹرانسپلانٹ کی ضرورت تھی جس کے بعد وہ اپنی فٹ بال ٹیم کو بون میرو عطیہ کرنے کے لئے لیکر آگئے۔ڈاکٹر نے مزید انکشاف کیا کہ آپریشن کے آخری اوقات میں پوری ٹیم کے لوگ پیچھے ہٹ گئے اور ساری صورتحال کو جانچتے ہوئے سلمان خان اور اُن کے بھائی ارباز خان نے اپنا ’بون میرو‘ دے کر بچی کی جان بچائی۔

متعلقہ خبریں