پریانکا چوپڑا کس پاکستانی اداکارہ پر حملے کروانے میں ملوث ہیں ؟ صف اول کی اداکارہ نے الزامات کی لائن لگا دی

2019 ,مارچ 24



کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) نامورپاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی ٹیم جعلی اکاؤنٹ سے ان پرسائبر حملے کررہی ہے۔ خوبرو پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران جنگ کی حمایت کرنے پربالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ آپ خود کواقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیرکہتی ہیں لیکن آپ سے بڑی منافق کوئی نہیں۔ ارمینا خان کی جانب سے پریانکا کی حقیقت بیان کرنا بھارتیوں کو پسند نہیں آیا اورانہوں نے ارمینا خان کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ گزشتہ روزارمینا خان نے ٹوئٹر پر انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پریانکا کی ٹیم جعلی اکاؤنٹ بنا کران کے ٹوئٹراکاؤنٹ پرمسلسل اشتعال انگیزاوربے ہودہ تبصرے کرکے ان پرحملے کررہی ہے۔ ایک اورٹوئٹ میں ارمینا خان نے ان بے ہودہ تبصروں پر مبنی بھارتیوں کے ٹوئٹس کے اسکرین شاٹس شیئرکرتے ہوئے لکھا کہ وہ عارضی طورپریہ ٹوئٹس شیئر کررہی ہیں تاکہ دنیا کو پریانکا چوپڑا اوران کی ٹیم کی حقیقت معلوم ہوسکے۔ پریانکا کی ٹیم کی جانب سے کیے جانے والے ٹوئٹس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے ارمینا کو نہ صرف تنقید کا نشانہ بنایا بلکہ انہیں منافق بھی قرار دیا اورکہا کہ ارمینا اپنی فلم ’’شیردل‘‘ کی تشہیرکررہی ہیں جو جنگ پر مبنی ہے اور خود پریانکا پرجنگ کی حمایت کرنے کا الزام لگارہی ہیں۔ چند لوگوں نے یہ تک کہا کہ ارمینا کو پریانکا سے معافی مانگنی چاہئے۔ یہ سوچے بغیر کہ جنگ دونوں ملکوں کے لیے کتنی خطرناک ہے اور اس کے نتائج دونوں جانب کی غریب عوام کو بھگتنے پڑیں گے۔پاکستانی اداکارہ ارمینا خان نے جنگ کی حمایت کرنے اوربھارتی حکومت کی دراندازی کو سراہنے پر پریانکا چوپڑا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کی خیرسگالی کی سفیر نہیں ہیں جو دنیا میں امن پھیلانے کی باتیں کرتی ہیں؟ آپ جنگ کی حمایت کررہی ہیں؟

متعلقہ خبریں