پاکستان میں پہلا روزہ کس تاریخ کو ہوگا؟ رویتِ ہلال ریسرچ کونسل نے حتمی اعلان کر دیا

2019 ,اپریل 30



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں یکم رمضان منگل 7 مئی کو ہوگا۔رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل مفتی خالد اعجاز کا کہنا ہے کہ نیا چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک کہ اس کی عمر غروبِ آفتاب کے وقت کم از کم 19گھنٹے اور غروبِ شمس و غروبِ قمر کا درمیانی فرق کم از کم 40منٹ ہوجائے، اس کے علاوہ چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہیے۔مفتی خالد اعجاز نے کہا کہ رمضان المبارک کا چاند ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 3 بج کر 46 منٹ پر پیدا ہوگا، اتوار 5 مئی کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 16 گھنٹوں سے بھی کم ہوگی۔ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق پاکستان بھر میں کہیں بھی 29 منٹ سے زائد نہیں ہوگا لہٰذا 29 شعبان المعظم اتوار کی شام چاند دکھائی دینے کی شہادتوں کا اگر کہیں سے بھی اعلان کیا جائے گا تو وہ تمام شہادتیں جھوٹی، غیر شرعی اور سائنسی لحاظ سے ناقابلِ یقین ہوں گی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کوہاٹ، پشاور میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان جب کہ راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، لاھور، فیصل آباد ڈویژن میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ آج بارش کا امکان جب کہ جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔گزشتہ روز بھی جنوبی پنجاب اور سندھ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسم گرم رہا جب کہ مالاکنڈ ڈویژن، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں رات گئے چند مقامات پر تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی ہو گئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جیکب آباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ سکھر، روہڑی، سکرنڈ اور شہید بینظیر آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ہیٹ ویو یکم مئی سے 3 مئی کے دوران ہو گا۔ ہوا میں نمی کم ہونے کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔کراچی میں صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 51 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مشرق کی جانب سے چلنے والی ہوائوں کی رفتار5 ناٹیکل مائیل ہے۔

متعلقہ خبریں