آسٹریلوی وزیراعظم کے ’جوتوں‘ کی سوشل میڈیا پر دھوم

کینبرا(مانیٹرنگ ڈیسک): آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کی اہل خانہ کے ہمراہ خوبصورت تصویر میں مداحوں کی توجہ کا مرکز ’جوتے‘ رہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن کی آفیشل ویب سائٹ پر وزیراعظم کی اپنی اہلیہ اور دو صاحبزادیوں کے ہمراہ تصویر شائع کی گئی۔ تصویری فریم میں ہنستی مسکراتی فیملی کامیاب زندگی کی عکاسی کرتی نظر آتی ہے جسے کافی سراہا بھی گیا۔ لیکن ٹہریئے !! اس تصویر میں کچھ ایسا بھی ہے جو کچھ دلچسپ بھی ہے اور آپ کو ہنسنے پر مجبور بھی کرسکتا ہے۔

تصویر میں آسٹریلوی وزیراعظم نے ضرورت سے زیادہ سفید اور چکمتے ہوئے جاگرز پہن رکھے ہیں اور حیران کن طور پر دونوں پاؤں میں الٹے پیر کا جوتا ہے۔ ظاہر بات ہے یہ غلطی وزیراعظم سے تو ہو نہیں سکتی لیکن یہ کمال اُن کے فوٹو شاپ ڈیزائنر کا ہے۔ دونوں پاؤں میں الٹے پاؤں کا نہایت سفید اور چمکدار جوتا ہونے پر سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی اور وزیراعظم کے میڈیا ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب کہ کچھ صارفین نے دیگر حکمرانوں کی تصاویر کو جوتوں کو سفید جوگرز سے تبدیل کرکے شائع کیا۔

آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن جو خود بھی سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں، معاملے کی تہہ تک پہنچ گئے اور اپنی ٹویٹ میں ہنستے ہوئے وضاحت کی کہ ’ میں نے کبھی اپنی ٹیم کو فوٹو شاپ کے ذریعے جوتے چمکدار کرنے کا نہیں کہا تاہم اگر فوٹو شاپ کرنا ہی ہے تو پیر کے بالوں پر توجہ دیں۔

آسٹریلوی وزیراعظم نے اپنے جوتوں کی تصویر بھی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ باہر واکنگ پہ جاتے ہوئے میں یہی جوتے پہن کر جاتا ہوں۔