بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے کون سے سابق کھلاڑی درخواستیں جمع کروائیں گے؟ ممکنہ نام سامنے آ گئے

2019 ,جولائی 18



نئی دہلی (مانیٹرنگ رپورٹ) بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے ہیڈ کوچ اور سپورٹنگ سٹاف کی اسامیوں کیلئے درخواستیں طلب کر رکھی ہیں اور بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کی جانب سے درخواستیں جمع کرائی جا سکتی ہیں ان میں ممکنہ طور پر مہیلا جے وردھنے بھی شامل ہیں۔

    خبر رساں ادارے ”فنانشل ایکسپریس“ کے مطابق ہیڈ کوچ کی اسامی کیلئے مہیلا جے وردھنے، گیری کرسچن، ٹام موڈی اور وریندرا سہواگ کی جانب سے درخواستیں جمع کروائی جا سکتی ہیں۔ گیری کرسچن کی کوچنگ میں بھارتی ٹیم نے 2011ءمیں ورلڈکپ جیتا تھا اور اس وقت وہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور کیلئے بطور کوچ فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

    مہیلا جے وردھنے کی کوچنگ میں آئی پی ایل فرنچائز ممبئی انڈینز نے دو مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی اور وہ کرکٹ حلقوں میں بطور کوچ بہت جلد نام پیدا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ٹام موڈی اور وریندر سہواگ نے 2017ءمیں بھی ہیڈ کوچ کی اسامی کیلئے درخواست دی تھی مگر اس وقت روی شاستری کو منتخب کیا گیا تھا۔

    متعلقہ خبریں