بھارتی وزیراعظم گیدڑ بھبھکیوں سے باز نا آیا۔۔۔ پاکستان پر پھر سے برس پڑا

2019 ,جنوری 2



ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان پر واضح کر رکھا ہے کہ بندوقوں اور توپوں کی گھن گھرج کے دوران مذاکرات نہیں ہو سکتے اور پاکستان کو ہر صورت سرحد کے آر پار دہشت گرد کارروائیاں روکنی ہوں گی۔ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے نئے سال 2019 میں اپنے پہلے انٹرویو میں کہا ہے کہ یہ سوچنا سخت غلطی ہو گی کہ پاکستان جلد سدھر جائے گا۔ بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ پاکستان کو سدھرنے میں وقت لگے گا۔ بھارتی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ اُن کی حکومت پاکستان پر دباؤ جاری رکھے گی۔ تاہم یہ ناممکن ہے کہ پاکستان جلد سدھرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ چاہے یہ ’سرجیکل سٹرئیکس‘ ہوں یا کسی اور سطح پر کوئی اور کارروائی، بھارتی حکومت پاکستان پر دباؤ جاری رکھنے کے لئے مختلف حکمت عملیاں اپنا رہی ہے تاکہ وہ بقول اُن کے دہشت گردی کو روکے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے اور اچھی ہمسائیگی کے تعلقات کی حمایت کرتا ہے۔ تاہم یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمسایہ ملک سرحد کے آر پار دہشت گردی کو ختم کرنے پر آمادہ نہیں ہے اور وہ اپنا رویہ تبدیل نہیں کر رہا ہے۔ جب اُن سے سوال کیا گیا کہ ’سرجیکل سٹرائیکس‘ کے باوجود پاکستان کی طرف سے سرحد کے آر پار دہشت گرد کارروائیاں کیوں رک نہیں رہی ہیں تو مودی نے کہا کہ اس بارے میں مناسب سطحوں پر مختلف حکمت عملیاں اپنائی جا رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ ہو یا بٹوارے کے وقت ہونے والی جنگ، پاکستان ایک جنگ سے نہیں سدھرے گا اور اگر اس بات کی توقع کی جائے تو یہ بہت بڑی غلطی ہو گی۔ مودی نے ایک ٹویٹ میں بھی یہ کہا ہے کہ پاکستان کو سدھرنے میں ابھی بہت وقت لگے گا۔

 

متعلقہ خبریں