سعودی عرب میں بلیو وہیل گیم نے ایک اور جان لے لی
مدینہ(مانیٹرنگ دیسک): سعودی عرب میں بلو وہیل گیم کی وجہ سے 12 سالہ لڑکے کے بعد 13 سالہ بچی بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر مدینہ میں 13 سالہ لڑکی آن لائن گیم ’بلیو وہیل گیم‘ کی وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ بچی کچھ عرصے سے آن لائن گیم کھیل رہی تھی اور اس کے کچھ مراحل پار بھی کرچکی تھی تاہم گھر والے اس بات سے بے خبر تھے اور دو روز قبل کمرے سے بچی کی لاش ملی۔
اس سے قبل 12 سالہ سعودی شہری نے گلے میں پھندا لگا کر اپنی زندگی ختم کرلی تھی جس کی خبر لڑکے کے کزن عبداللہ فہد نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی تھی جب کہ سیکیورٹی حکام نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔واضح رہے بلیو وہیل آن لائن گیم ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر سے سیکڑوں نوجوان جان کی بازی ہار چکے ہیں اس گیم میں نوجوانوں کو گھر بیٹھے مختلف ٹاسک دیے جاتے ہیں اور ہر روز ایک نیا ٹاسک پورا کرنا ہوتا ہے جب کہ مجموعی طور پر اس گیم کے 50 راؤنڈز ہیں جن میں نوجونواں سے چھت سے گودنے سمیت مختلف ٹاسک دیے جاتے ہیں۔