2019 ,اگست 9
اسلام آباد (مانیٹرنگ رپورٹ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بتایا ہے کہ پاکستان نے بھارت جانے والی ایک اور ٹرین تھر ایکسپریس کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ آج رات 12 بجے ہم نے آخری تھر ایکسپریس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں کہ ہم میرپور خاص میں بھارتی مسافروں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری لے سکیں۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے، بھارت کی جانب سے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، راول پنڈی کی لال حویلی کا سری نگر کے لال چوک کے ساتھ خون کا رشتہ قائم ہے، ہم جنگ نہیں چاہتے، لیکن کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ جو کھڑا نہ ہو وہ غدار ہے۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ واضح ہے کہ وزیراعظم کی مرضی کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں لے سکتا۔ یادرہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر ظلم و زیادتی روا رکھنے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر پاکستان نے احتجاجاً گزشتہ روز پاک بھارت چلنے والی سمجھوتا ایکسپریس کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔واضح رہے کہ سمجھوتا ایکسپریس لاہور سے بھارتی دارالحکومت دہلی تک چلتی تھی جبکہ تھر ایکسپریس کراچی سے بھارت کی سرحد پر واقع سندھ کے ضلع تھرپارکر کے قصبے کھوکھراپار کے زیرو پوائنٹ ریلوے اسٹیشن سے ہوتی ہوئی بھارتی ریاست راجھستان کے موناباؤ ریلوے اسٹیشن تک چل رہی تھی۔