گو بیک مودی سوشل میڈیا پر نمبر ون ٹرینڈ بن گیا
بھارت (مانیٹرنگ ڈیسک): نریندر مودی کے خلاف چنئی میں پانی کی فراہمی سے متعلق اقدامات نہ کیے جانے پر عوام سراپا احتجاج ہیں اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف تصاویر شیئر کی جارہی ہیں۔بھارتی عوام سوشل میڈیا پر ‘گو بیک مودی’ کے نام سے ہیش ٹیگ پر اپنے تاثرات کا اظہار کر رہے ہیں جب کہ یہی ہیش ٹیگ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا ہے۔چنئی کے عوام فضا میں سیاہ غبارے چھوڑ کر اور سیاہ پرچم لہرائے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں جس کی تصایر اپوزیشن جماعت اور عام لوگوں کی جانب سے ٹوئٹر اور فیس بک پر شیئر کی جارہی ہیں۔چنئی شہر میں احتجاج اس قدر شدید ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کو سڑک کے بجائے ہیلی کاپٹر میں سفر کرنا پڑا جس پر ٹوئٹر صارف ستیش کمار نے اپنی ٹوئٹ میں فضا میں چھوڑے گئے غباروں کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ آپ نے طیارے کے ذریعے آنے کا منصوبہ بنایا لیکن ہمارے پاس بھی دوسرا منصوبہ ہے۔