آپ آج تک چھری اور کانٹا غلط طریقے سے پکڑتے آئے ہیں، درست طریقہ جانئے

2019 ,جنوری 2



لندن(مانیٹرنگ رپورٹ) آج کل کھانے کے لیے چھری کانٹے کا استعمال ہر گھر میں ہو رہا ہے لیکن کتنے لوگ ہیں جو چھری کانٹا درست طریقے سے پکڑتے ہیں؟ اس حوالے سے ماہرین نے ایسا انکشاف کر دیا ہے کہ آپ سن کر دنگ رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق ماہرین نے ایک تحقیقاتی سروے کیا ہے جس میں معلوم ہوا ہے کہ 40فیصد سے زائد لوگ چھری کانٹا غلط طریقے سے پکڑتے ہیں۔
تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ جو برائنٹ کا کہنا تھا کہ ”بعض لوگ چھری اور کانٹے کے دستوں کو مٹھی میں دبوچ لیتے ہیں اور بعض کانٹے کو چمچ کی طرح پکڑتے ہیں۔ یہ دونوں طریقے غلط ہیں۔ نوڈلزاور اس نوع کی دیگر چیزیں کھانے کے لیے تو کانٹے کو چمچ کی طرح پکڑا جا سکتا ہے تاہم دیگر کھانوں کے لیے کانٹے کو اس طرح الٹا پکڑنا چاہیے کہ اس کے کانٹوں کا رخ نیچے کی طرف ہو اور شہادت کی انگلی مکمل طور پر کانٹے کے دستے کے اوپر ہو۔ اسی طرح چھری کو اس طرح پکڑنا چاہیے کہ اس کی دھار نیچے پلیٹ کی طرف ہو اور شہادت کی انگلی چھری کے بلیڈ کے اوپری حصے پر دراز ہو۔ بعض لوگ چھری سے کھانے کی چیز کے ٹکڑے کرتے اور پھر اسے ایک طرف رکھ کر کانٹے سے ٹکڑوں کو کھانا شروع کر دیتے ہیں۔ یہ طریقہ بھی غلط ہے۔ ایسی چیز جو کاٹ کر کھائی جانی ہو اس کے لیے چھری اور کانٹا بیک وقت استعمال کرنے چاہئیں۔“
 

متعلقہ خبریں