ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کیخلاف پاکستانی مسلمان آگ بگولہ

2018 ,اگست 27



لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے اپیل پر ملک بھر میں جمعہ اور عید کے اجتماعات میں ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کےخلاف مذمتی قرار داد یں منظور کیں اور کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔لاہور میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے مر کزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ مسلمان توہین رسالت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ،ہا لینڈ میں گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ مسلم امہ کے جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے ،حکومت گستاخانہ خاکے روکنے کے لیئے اپنا کردار ادا کرے ،مقدس ہستیوں کا اور مذاہب کا احترام لازمی قرار دلانے کے لئے عالم اسلام یو این او پر زور دے اور قانون سازی کی جا ئے،حکومت ہالینڈ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرے ۔انہوں نے کہاکہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں پر مسلم حکمران جرات مندانہ موقف اپنا ئیں اور یو این او تماشا دیکھنے کے بجائے قانون بنائے جس میں ہر پیغمبر کی شان میں گستاخی کو جرم اور اس کی سزا موت مقرر کرے ۔ انہوں نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ کرانے والے عالم اسلام کے سب سے بڑے دشمن ہیں انہوں نے کہاکہ گستاخانہ خاکے چھاپ کر مسلمانوں کے جذبات سے کھیلا جا رہا ہے ،مسلمان ہر بات کو برداشت کر سکتا ہے لیکن پیغمبر آخر الزمان ﷺ کی شان میں گستاخی کو برداشت نہیں کر سکتا۔

متعلقہ خبریں