بھارت میں موسلا دھار بارش اور مٹی کے طوفان سے 97 افراد ہلاک

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک): بھارتی ریاستوں راجستھان اور اتر پردیش میں گردو غبار کے طوفان اور تیز بارشوں کے باعث 97 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ اترپردیش کے شہر آگرہ اور راجستھان کے تین اضلاع الور، بھرت پور اور دھول پور میں طوفانی بارشوں اور 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ طوفان سے اترپردیش میں 60 افراد ہلاک اور 160 زخمی ہوگئے، سب سے زیادہ ہلاکتیں آگرہ میں ہوئیں جن کی تعداد 43 ہے ہلاک ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں، زیادہ ہلاکتیں پانی کے سبب گھر منہدم ہونے سے ہوئیں۔میٹرو لوجیکل ڈپارٹمنٹ آف انڈیا کے مطابق شام ساڑھے آٹھ تا ساڑھے گیارہ بجے محض تین گھنٹوں کے دوران آگرہ میں 48.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح راجستھان میں 33 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ بقیہ ہلاکتیں ملحقہ علاقوں میں ہوئیں۔ درخت اور ہورڈنگز گرنے، کچے مکانات منہدم ہونے اور آسمانی بجلی گرنے سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق زخمیوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ طوفانی بارش کے باعث لوگ خوف زدہ ہیں کیونکہ مون سون کی بارشوں کاسلسلہ شروع ہونے میں ابھی 6 ہفتے باقی ہیں لیکن اس سے قبل ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ بھارت کے شمالی علاقوں میں موسم گرما میں ایسی آندھیاں عام طور پر آتی ہیں لیکن اتنی زیادہ ہلاکتوں کا ہونا غیر معمولی بات ہے۔ گزشتہ ماہ کی 27 تاریخ کوآندھرا پردیش میں محض 13 گھنٹوں کے دوران 36 ہزار 749 بار آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے جو موسمی تغیر کی جانب اشارہ ہے۔