مکہ المکرمہ میں ایک ایسی شخصیت کو گرفتار کرلیا گیا کہ ہنگامہ برپا ہوگیا۔۔۔ تفصیلات جانئیے اس خبر میں

تحریر: فضل حسین اعوان

| شائع اگست 14, 2018 | 17:19 شام

مکہ المکرمہ(مانیٹرنگ رپورٹ) سعودی عرب میں چند ماہ قبل درجنوں شہزادوں، وزراء اور کاروباری شخصیات کی گرفتاری کے باعث پیدا ہونے والا ہنگامہ ابھی کم نہیں ہوا تھا کہ اب یہ حیران کن خبر سامنے آ گئی ہے کہ مکہ المکرمہ میں معروف مذہبی سکالر شیخ ناصر العمر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔  ویب سائٹ ’’مڈل ایسٹ مانیٹر‘‘ کے مطابق سوشل میڈیا اکاؤنٹ ’’پرنزرز آف کانشنس‘‘ کی جانب سے گزشتہ روز انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’شیخ ناصر العمر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

وہ امام محمد ابن سعود اسلامی یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ہیں۔ ان کا ٹویٹر اکاؤنٹ بھی معطل کردیا گیا ہے۔‘‘ 

سعودی حکام نے گزشتہ سال ستمبر میں شیخ ناصر العمر کو تحقیقات کیلئے بلایا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ سیاسی معاملات میں مداخلت یا بیان بازی سے گریز کریں۔ عبداللہ العودا، جن کے والد معروف سکالر سلمان العودا بھی ایک سال سے زیر حراست ہیں، نے بھی شیخ ناصر العمر کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔  واضح رہے کہ شیخ ناصر العمر سعودی سرزمین پر امریکی فوجی اڈوں کی موجودگی کے سخت خلا ف ہیں۔ وہ اپنی آراء کا کئی مواقع پر کھل کر اظہار بھی کرچکے ہیں جس پر انہیں پہلے بھی متعدد بار وارننگ دی جاچکی ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں بشمول ہیومن رائٹس واچ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے سعودی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ گرفتار شدگان کو رہا کیا جائے اور انہیں اجازت دی جائے کہ وہ اپنے اہلخانہ اور وکلاء سے رابطہ کرسکیں تاکہ وہ اپنے قانونی حقوق کا تحفظ کرسکیں۔