شہزادہ ہیری کی دلہن امریکی اداکارہ میگھن مارکل نے برطانوی شاہی خاندان میں طوفان برپا کر دیا

2018 ,نومبر 18



لندن(مانیٹرنگ رپورٹ)برطانوی شاہی خاندان کی تاریخ میں میگھن مارکل پہلی افریقی نژاد امریکی خاتون اور طلاق یافتہ عورت تھی جو شاہی خاندان کے کسی فرد سے شادی کرکے شاہی خاندان کا حصہ بنی۔ ان کی شادی پر ایک بحث جاری تھی کہ آیا میگھن مارکل شاہی طور طریقے اپنا سکے گی یا نہیں۔ اب اس حوالے سے حیران کن خبر آ گئی ہے جس کے مطابق میگھن مارکل نے شادی کے 6ماہ کے اندر ہی ایسے کام شروع کر دیئے ہیں جو برطانوی شاہی خاندان میں کبھی نہیں ہوئے اور ان کاموں کی وجہ سے شاہی خاندان شدید پریشانی میں مبتلا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق شاہی خاندان کے اندرونی ذرائع نے بتایا ہے کہ لباس کے انتخاب سے لے کر گاڑی کا دروازہ خود بند کرنے تک میگھن مارکل ایسے کام کر رہی ہیں جو شاہی خاندان میں پہلے کبھی نہیں ہوئے۔ میگھن مارکل جن کے متعلق بعض لوگوں کا خیال تھا کہ وہ شاہی خاندان کے لیے ہوا کا تازہ جھونکا ثابت ہوں گی وہ تیز آندھی ثابت ہو رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق میگھن مارکل صبح 5بجے ہی بیدار ہو جاتی ہیں اور ملازمین کو ٹیکسٹ میسجز کرنا شروع کر دیتی ہیں جن میں ان کے لیے مختلف احکامات موجود ہوتے ہیں۔ وہ تیزی کے ساتھ شاہی خاندان کے معاملات پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی خواہش مند نظر آتی ہیں۔لباس کے انتخاب میں وہ شاہی طور طریقوں کو بالکل بھی خاطر میں نہیں لاتیں۔ سرکاری تقریبات میں بھی وہ شاہی خاندان کی خواتین کی طرح ہیٹ نہیں پہنتیں اور ایسے مواقع پر بھی ایسا لباس پہنتی ہیں جس سے شاہی خاندان کو بسااوقات سبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شاہی خاندان کی طرف سے میگھن مارکل کو مسلسل بتایا جا رہا ہے کہ اب انہیں ہالی ووڈ سٹار کی طرح نہیں بلکہ شاہی خاندان کی طرح لباس پہننا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق میگھن مارکل گاڑی کا دروازہ بھی خود بند کرتی ہیں جو شاہی خاندان میں ایک نئی روایت ہے۔ اس عادت سے بھی انہیں منع کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں