پاکستان سمیت دنیا بھر میں صدی کا طویل ترین چاند گرہن

2018 ,جولائی 28



کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک): پاکستان سمیت دنیا بھر میں صدی کا طویل ترین چاند گرہن جاری ہے۔اس صدی کا سب سے طویل اور بلڈ مون چاند گرہن پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیکھا جارہا ہے۔ چاند گرہن جمعے کی رات کے آخری لمحات میں شروع ہوگا اور ہفتہ 28 جولائی کو ختم ہوگا۔ یہ چاند گرہن گرین لینڈ ، امریکا اور کینیڈا کو چھوڑ کر دنیا کے بقیہ کئی ممالک میں بہت صراحت سے دیکھا جاسکے گا۔ ماہرینِ فلکیات کے مطابق چاند گرہن دیکھنے کے لیے کسی بھی حفاظتی اقدامات کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ عموماً سورج گرہن کو دیکھنے میں ہی غیرمعمولی حفاظتی اقدامات کے طور پر سیاہ چشمے، فلٹر یا ایکسرے استعمال کیے جاتے ہیں۔

چاند گرہن کا بہترین نظارہ مشرقی افریقا، مشرقِ وسطیٰ، بھارت ، پاکستان اور چین کے بعض حصوں میں ممکن ہے۔ اسی مناسبت سے پاکستانیوں کے لیے یہ ایک اہم موقع ہے جو زندگی میں دوبارہ نہیں ملے گا۔

چاند گرہن اور خونی چاند گرہن

جب سورج اور چاند کے درمیان زمین ایک ہی لائن میں آجائے تو زمین کا سایہ چاند پر پڑتا ہے جس سے چاند گرہن واقع ہوتا ہے۔ تاہم 27 جولائی کا چاند گرہن ایک جانب تو طویل ترین مظہر ہے تو دوسری جانب سرخی مائل بھی ہوگا۔ آخر اس سرخی کی وجہ کیا ہے؟ماہرین کے مطابق مکمل چاند گرہن کے بعد وہ سرخی مائل دکھائی دے گا کیونکہ مکمل چاند گرہن کے بعد چاند سے منعکس ہونے والی کچھ روشنی جب زمینی فضا میں داخل ہوگی تو وہ سرخی مائل ہوجاتی ہے۔ سرخی مائل چاند گرہن کی اس کیفیت کو انگریزی میں بلڈ مون کہا جاتا ہے۔ یہ منظر پاکستان سے بھی دیکھا جاسکے گا۔

پاکستان اور چاند گرہن

معتبر ویب سائٹ ٹائم اینڈ ڈیٹ ڈاٹ کوم کے مطابق کراچی میں چاند گرہن کا آغاز ہوچکا ہے لیکن زمین کا سایہ دھیرے دھیرے چاند کو اندھیرے کا لباس پہنائے گا ۔ سوا دس بجے شروع ہونے والے چاند گرہن کا دورانیہ چھ گھنٹے اور کچھ منٹ ہے ۔ پاکستانی وقت کے مطابق گیارہ بج کر 24  منٹ پر جزوی اور 28 جولائی ہفتے کی رات ایک بج کر 21 منٹ پر مکمل چاند گرہن ہوجائےگا۔ اس وقت چاند کی روشنی مکمل طور پر غائب ہوجائے گی اور وہ سرخی مائل بھی دکھائی دے گا یہ عمل ایک گھنٹے سے زائد جاری رہے گا ۔ اس کے بعد  دھیرے دھیرے چاند گرہن ختم ہونا شروع ہوگا اور صبح چار بج کر 28 منٹ پر گرہن مکمل طور پر ختم ہوجائے گا۔

اس طرح چاند گرہن کے مکمل عمل کا  دورانیہ چھ گھنٹے اور 14 منٹ ہوگا جو ایک ریکارڈ ہے اور اتنا طویل دورانیہ مستقبل قریب میں دیکھنا ممکن نہ ہوگا۔ دوسری جانب مکمل چاند گرہن کا دورانیہ بھی ایک گھنٹہ 43 منٹ ہے جو اس صدی کا سب سے طویل دورانیہ بھی ہے۔

متعلقہ خبریں