کرپشن اور غربت کا خاتمہ بڑے چیلنج ہیں۔ صدر
لاہور(سلیم اختر):اس میں کوئی شک نہیں کہ پی ٹی آئی حکومت جب سے آئی ہے اس نے کرپشن اور غربت کے خاتمہ کیلئے دن رات ایک کررکھا ہے۔ کرپشن کا تو پتہ نہیں‘ البتہ وطن عزیز سے غریب ضرور ختم ہو جائینگے۔ آئے روز بجلی‘ گیس‘ پانی ‘ پٹرول کے نرخ بڑھا کر غریب ختم کرنے کے اقدامات تو ہوسکتے ہیں‘ غربت نہیں۔ خان صاحب کا کہنا ہے کہ حالات بہتر کرنے کیلئے سخت فیصلے کرنا ہونگے۔ خان صاحب! آپ کی نیت پر ذرہ بھر شک نہیں‘ لیکن قوم کو یہ ضرور بتا دیں کہ ان سخت فیصلوں کی مدت کتنی طویل ہوگی۔ لگتا ایسا ہی ہے کہ جب تک راحت ملنے کا وقت آئیگا‘ ملک سے غریب بالکل ختم ہو جائیگا۔ اور راحت پھر اسی طبقہ اشرافیہ کو نصیب ہوگی جو پچھلے 70 سال سے پہلے ہی اسکے مزے لوٹ رہا ہے۔ اور ہاں! اس مشیر کو قوم کے سامنے لائیں جو آپ کو یہ کہہ کر مطمئن کر دیتا ہے کہ نرخوں کے اضافے سے عام آدمی متاثر نہیں ہوگا۔ جناب اپنے حامیوں پر اتنا بھی اعتماد نہ کریں کہ یہ سخت فیصلے آپ کے گلے پڑ جائیں۔