چین کا پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی کا خیر مقدم

2019 ,مارچ 7



 

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بھارت کے ساتھ مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرنے کے عمل کو سراہا ہے۔چینی نائب وزیر خارجہ کونگ زونیو کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق بیجنگ اوراسلام آباد نا صرف اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں بلکہ دونوں نے ہمیشہ ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کی ہے۔کونگ زونیو نے کہا چین کی پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال پر گہری نگاہ ہے اورپاکستان کی جانب سے حالیہ کشیدگی پر تحمل کا مظاہرہ کرنے اور بھارت کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے کے عمل کو چین بے حد سراہتا ہے۔چینی نائب وزیر خارجہ کے مطابق چین سمجھتا ہے کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ہونا چاہئے اس کے علاوہ چین ایسی کارروائیاں نہیں دیکھنا چاہتا جس سے بین الاقوامی تعلقات کے اصولوں کی پامالی ہو۔چین نے پاکستان اوربھارت پر مسائل کے حل کے لیے جلد سے جلد مذاکرات کے لیے رابطے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن وسلامتی اور استحکام قائم رکھنے کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ چین اس صورتحال میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

متعلقہ خبریں