پاکستان شوبز انڈسٹری نے بھارت کے ساتھ تمام سائن کی گئی فلموں کا کنٹریکٹ ختم کر دیا

2019 ,اگست 9



کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف پاکستانی اداکار یاسر حسین نے پاکستانی اداکاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کا اعلان کریں کہ کبھی انڈیا میں کام نہیں کریں گے۔انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں یاسر حسین نے کہا ’ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کا ہر آرٹسٹ بولے کہ وہ انڈیا کے ساتھ کبھی کام نہیں کرے گا، کشمیر سے پیار بھی ہے اور انڈیا بھی جانا ہے؟ مطلب شوگر بھی ہے اور کیک بھی کھانا ہے۔‘یاسر حسین نے اس پوسٹ کے ساتھ اپنے ساتھی اداکاروں کے متوقع رد عمل کا بھی جواب دیا اور کہا کہ ’ اب سب پاکستانی آرٹسٹ مجھے جج کریں گے لیکن مجھے اس بات کی پرواہ نہیں ، میں پاکستان سے پیار کرتا ہوں اور کشمیر کیلئے روتا ہوں، میں مانتا تھا کہ آرٹ کی کوئی سرحد نہیں ہوتی مگر شاید اب ہوتی ہے، انہوں نے بنائی ہے ، اب ہم کو بھی بنانی ہوگی۔ جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاک بھارت دوستی بس سروس معطل کر دی گئی، وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے دونوں ممالک کے درمیان چلنے والی سفری سروس بند کرنے کا اعلان کیا۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے کشیدہ حالات کے بعد پاکستان اور بھارت کے سفارتی تعلقات بھی کشیدگی کا شکار ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزارت مواصلات نے موجودہ کشیدہ حالات کے باعث پاک بھارت دوستی بس سروس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اگلے ہفتے پیر کے روز سے پاک بھارت دوستی بس سروس بند کر دی جائے گی۔ بس سروس غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔ قوی امکان ہے کہ پاک بھارت تعلقات معمول پر آنے سے قبل دوستی بس سروس کا دوبارہ سے آغاز نہیں ہوگا۔دوستی بس سروس کی ٹکٹس بک کروانے والے افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے ری فنڈ حاصل کر سکتے ہیں۔پاکستان نے سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس بھی بند کر دی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے دونوں ٹرینوں کی بندش کا باقاعدہ اعلان کیا۔ جبکہ پاکستان بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات میں بھی کمی لا چکا ہے۔ پاکستان میں تعینات بھارتی سفیر کو واپس بھارت بھیج دیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بھی محدود کر دی ہے۔ ان اقدامات کے علاوہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تجارت بھی مکمل طور پر بند کر دی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان آنے والے دنوں میں بھارت کیخلاف مزید سخت اقدامات اٹھائے گا۔

متعلقہ خبریں