وطن سے محبت کی مثال قائم ۔۔۔۔ فلم اسٹار ثنا نے بڑا اعلان کردیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) فلم سٹار ثناء نے آئندہ کسی بھی بھارتی پراجیکٹ میں کام نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو بھارتی مصنوعات کا بھی بائیکاٹ کرنا چاہیے ، فنکاروں کی جانب سے بھارت کی بربریت کے خلاف آئندہ چند رو ز تک مشترکہ پلیٹ فارم سے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ثناء نے کہا کہ پاکستانی حکومت کی جانب سے بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے اور تجارت روکنے کےاقدامات قابل ستائس ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو مختلف ذریعے سے دیکھے جانے والے بھارتی ڈراموں اور فلموں کا بھی مکمل بائیکاٹ کر دینا چاہیے ۔ میں پاکستانی گلوکاروں سے بھی کہوں گی کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجاًاپنے معاہدے منسوخ کر دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں بھارت کی بہت سی اشیاء ایکسپورٹ ہوتی ہیں ہمیں ان کا مکمل بائیکاٹ کر کے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا ثبوت دینا چاہیے ۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز بھارتی مظالم کے خلاف جہاں پاکستانی فنکاروں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے وہیں بالی ووڈ سے بھی کشمیریوں کے حق میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا اور زائرہ وسیم نے کشمیریوں کے حق میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کشمیریوں کو صبر کی تلقین کی ہے۔ بالی ووڈ کی سابق اداکارہ زائرہ وسیم جو خود بھی کشمیری ہیں نے اس مشکل وقت میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”یہ وقت بھی گزر جائے گا۔“ صرف زائرہ وسیم ہی نہیں بلکہ اداکارہ دیا مرزا نے بھی کشمیر سے متعلق مودی سرکار کے فیصلے کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے اور کشمیر میں امن کی خواہش کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیالات کشمیر کے ساتھ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کشمیر کو توجہ کی ضرورت ہے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرتے ہوئے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔