افغان دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکہ
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک): افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔ افغان دارالحکومت کابل میں دھماکے میں سیکورٹی فورسزکو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے۔سیکورٹی حکام کے مطابق دھماکہ حساس علاقے گرین زون کے قریب ہوا، دھماکے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔افغان سیکورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے تحقیقات شروع کردی۔
کابل میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری اب تک کسی تنظیم کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 27 جنوری کو افغان دارالحکومت کابل میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 95 افراد ہلاک جبکہ 158 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔یاد رہے کہ 21 جنوری 2018 کو افغانستان کے دارالحکومت کابلمیں مسلح افراد کے ہوٹل پرحملے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے تھے۔