پورے پنجاب میں ہلچل ۔۔۔ وزیر اعظم عمران خان نے علیم خان کو بڑی ذمہ داری سونپ دی

2019 ,مئی 20



لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں نئے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا ٹاسک عبدالعلیم خان کو سونپ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اخبار کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے قریبی ساتھی اور تحریک انصاف کے مرکزی ساتھی علیم خان کو جیل سے رہائی کے بعد آج اسلام آباد مدعو کیا تھا ، وزیر اعظم عمران خان اور علیم خان کے درمیان ملاقات میں پنجاب حکومت اور پنجاب میں تحریک انصاف کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم مشاورت کی گئی ۔ذرائع کے مطابق عمران خان اس بات پر بہت خوش ہیں کہ علیم خان نے شریف خاندان اور زرداری کی طرح نہ تو ضمانت قبل از گرفتاری کروائی اور نہ ہی گرفتاری کے بعد ڈرامہ کیا بلکہ مکمل یقین اور اعتماد سے مقدمے کا سامنا کیا۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی مرکزی قیادت علیم خان کو دوبارہ اہم ذمہ داریاں سونپنا چاہتی ہے۔لیکن علیم خان اس وقت حکومتی ذمہ داری لینے میں دلچسپی نہیں لے رہے تھے جس کی وجہ سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی طرف سے نہ صرف علیم خان بلکہ مرکزی قیادت پر بھی دباؤ بڑھ گیا کہ ایسے وقت میں جب حکومت اور پارٹی دونوں مشکل میں ہیں تو علیم خان جیسے رہنماؤں کو کسی نہ کسی صورت میں حکومت میں اپنا فعال کردار ضرور ادا کرنا چاہئیے۔ آج عمران خان سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے علیم خان کو نئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اپنی ذمہ درایاں سونپ دی گئی ہیں، فراہم کئے گئے ٹاسک کے مطابق علیم خان نئے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے امیدواروں کے درمیان جوڑ توڑ بھی کریں گے اور الیکشن جیتنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ خیال رہے لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت کے بعد تحریک انصاف کے راہنما علیم خان کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہوگئے تھے۔ رہائی کے بعد کارکنوں نے جیل کے باہر استقبال کیا،ریلی کی صورت میں گھر تک پہنچایا گیا۔ہفتہ کے روز گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور،صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ،چوہدری ظہیر الدین اور جہانگیر ترین نے عبدالعلیم خان سے انکے گھر جا کر ملاقات کی۔

متعلقہ خبریں