کالا ہرن کیس :بالی ووڈ اداکار سلمان خان کس کو بچا رہے ہیں؟ بھارتی اداکارہ نے بڑا دعویٰ کر دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت کی ماضی کی اداکارہ سمی گریوال نے سلمان خان کے کالے ہرن کے شکار کے کیس سے متعلق دعویٰ کیا ہےکہ ادکار اس کیس میں بے قصور ہیں اور وہ 20 سال سے کسی کو بچا رہے ہیں۔ اداکارہسمی نے اپنے غیر تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کچھ ٹوئٹ کیے ہیں جن میں انہوں نے سلمان خان کو بے قصور قرار دیا ہے،سمی گریوال نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہےکہ وہ سلمان خان کو اچھی طرح جانتی ہیں، انہیں جانوروں سے پیار ہے اور وہ کبھی بھی ایسا نہیں کرسکتے، البتہ وہ 20 سال سے اصلی مجرم کو بچا رہے ہیں اور اسے سامنے آنا چاہیے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سب سے بڑی حقیقت یہ ہے کہ گولی سلمان نے نہیں چلائی، وہ خاموش رہ کر اپنی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں، انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔یاد رہے کہ نایاب کالے ہرن کے شکار کے دوران سلمان خان کے ساتھ اداکار سیف علی خان سمیت اداکارہ تبو ، سونالی باندرے اور نیلم جیپ میں سوار تھیں۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سمی گریول نے کیس میں سیف علی خان کو اصل مجرم قرار دینے کا دعویٰ کرنے والے پیغامات بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کئے ہیں جس سے سیمی گریوال کا اشارہ سیف علی خان کی جانب ہی جاتا ہے۔یاد رہے کہ سلمان خان کو بھارتی شہر جودھ پور کی مقامی عدالت نے 5 اپریل کو کالے ہرن کے شکار کیس میں 5 سال قید کی سزا اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ دبنگ خان کی جانب سے ضمانت کی درخواست جمع کرائی گئی تھی لیکن درخواست ضمانت پر فیصلے میں تاخیر کے باعث 2 روز انہیں سینٹرل جیل میں گزارنے پڑے تھے۔جودھ پور عدالت نے 7 اپریل کو سلو میاں کی ضمانت منظور کی تھی جس کے بعد انہیں جیل سے رہائی ملی تھی۔

