2019 ,جولائی 8
لاہور (مانیٹرنگ رپورٹ )موٹاپے کا شکار نور الحسن لاہو ر کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گیا ہے جس کی وجہ ڈلیوری کے دوران عورت کے انتقال کے باعث لواحقین کی جانب سے آئی سی یو میں ہنگامہ آرائی کو قرار دیا جارہاہے تاہم اب اس معاملے پر نورالحسن کی سرجری کرنے والے ڈاکٹر معاذ بھی میدان میں آ گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر معاذ کا کہناہے کہ نور الحسن کو پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا ، ہم نے اپنا کام پورا کیا ، آئی سی یو کی ذمہ داری تھی جہاں مریض کی موت ہوئی۔؎
نورالحسن کا سینے کی جکڑن کے باعث سانس بند ہوا ، سانس اکھڑنے کے باعث کوئی بھی ان کا چیک اپ کرنے کیلئے موجود نہیں تھا ، گائنی وارڈ میں مریضہ کی ہلاکت پر لواحقین کی جانب سے ہنگامہ آرائی کی گئی اور ڈاکٹروں کو ہسپتال سے باہر نکال دیا گیا ۔یاد رہے کہ صادق آباد کے رہائشی نور الحسن کو کچھ عرصہ قبل علاج کیلئے لاہور کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں ان کی دس روز قبل سرجری کرتے ہوئے معدے کو چھوٹا کیا گیا جسے ڈاکٹرز نے کامیاب قرار دیا ۔ نورالحسن کی طبیعت میں خرابی کے باعث انہیں آئی سی یو میں منتقل کیا گیا تھا جہاں آج ان کا انتقال ہو گیاہے ۔