وزیراعظم عمران خان کے ساتھ عمرہ کے موقع پر نعیم الحق وہیل چیئر پر کیوں ہیں؟ تصویر نے پاکستانیوں کو تشویش میں مبتلا کردیا

2019 ,مئی 31



ریاض (مانیٹرنگ رپورٹ) وزیراعظم عمران خان اپنے وفد سمیت سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں وہ  او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس سے قبل وزیراعظم نے اپنے وفد اور اہلیہ کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دی اور ریاض الجنہ میں نوافل بھی اد ا کیے لیکن اس موقع پر  وزیراعظم کے معاون خصوصی اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما نعیم الحق کی وہیل چیئر پر موجود ہونے کی تصویر سامنے آگئی جس نے پاکستانیوں کو تشویش میں مبتلاء کردیا۔

    تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق نعیم الحق کو کینسرتھا اور اس بیماری سے وہ ایک طویل عرصے سے لڑرہے ہیں اور کافی حد تک اس بیماری کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے تاہم ایک اور ذریعے نے بتایا کہ آج کل پھر نعیم الحق کی طبیعت خراب رہنا شروع ہوگئی ہے تاہم ان کا علاج بدستور جاری ہے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کسی آزاد ذریعے سے اس بارے میں کچھ معلوم نہ ہوسکا۔ رمضان المبارک میں حجاز مقدس پر موجود سینئر سیاسی رہنما نعیم الحق کی یہ تصویر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کے دل پسیج گئے اور اکثر نے نعیم الحق کی صحت یابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

    متعلقہ خبریں