بچوں کے ساتھ زیادتی پر احتجاج کرنے کی بجائے ۔۔۔۔پریانکا چوپڑا بھی میدان میں آ گئیں

2018 ,جنوری 24



ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ بچوں سے زیادتی صرف بھارت میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں ہوتی ہے اور اس کے لئے ہمیں موثر حل نکالنا ہوگا۔پریانکا چوپڑا نے اپنی اداکاری سے بالی ووڈ کے ساتھ ہالی ووڈ میں بھی نمایاں مقام حاصل کیا ہے، پریانکا وہ ناصرف بہترین اداکارہ ہیں بلکہ خدمت خلق میں بھی پیش پیش رہتی ہیں، پریانکا چوپڑا اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی اعزازی سفیر بھی ہیں۔حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران پریانکا نے اپنی سماجی خدمات کے سسلسلے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنا اور ان کی مدد کرنا ان کی زندگی کا اہم حصہ ہے، انہوں نے کم عمری میں ہی سماجی خدمات میں حصہ لینا شروع کردیا تھا، ان کی فیملی کا ہمیشہ سے یہ ماننا رہا ہے کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کا تعلق کہاں سے ہے یا آپ کن حالات کا سامنا کررہے ہیں، آپ کو اپنی سماجی ذمہ داریاں نہیں بھولنی چاہئیں۔پریانکا چوپڑانے کم عمری کی شادیوں اورچھوٹے بچے بچیوں کے ساتھ زیادتی جیسے واقعات کے بارے میں کہا کہ میں جھوٹ نہیں بولوں گی، یہ شرمناک واقعات صرف بھارت میں نہیں بلکہ دنیا بھر کےممالک میں ہوتے ہیں۔ لیکن میں دیگرلوگوں کی طرح یہ نہیں کہوں گی کہ ہمیں ان مسائل کے خلاف کھڑا ہوجانا چاہئے یا سڑکوں پر آجانا چاہئے، ان مسائل کے حل موجود ہیں، بس ہمیں ان کا ادراک کرکے انہیں حل کرنے کی کوشش پر غور کرنا چاہئے۔خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا بچوں کے حوالے سے انتہائی نرم گوشہ رکھتی ہیں اس سے پہلے بھی بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا شامی پناہ گزین بچوں سے ملاقات کرنے کے لیے اردن اور عمان کے دورے پر گئیں جہاں انہوں نے نہ صرف شامی بچوں کے ساتھ وقت گزارا بلکہ اس دوران عربی زبان میں اپنا نام لکھنا بھی سیکھا۔اداکارہ پریانکا چوپڑا مسلمانوں کے لیے اپنے دل میں نرم گوشہ رکھتی ہیں ، کچھ عرصہ قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اذان سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اذان کی آواز سن کر بہت سکون محسوس ہوتاہے، وہ جب بھی بھوپال میں واقع اپنے گھر جاتی ہیں تو ٹیرس پر شام کے وقت اذان کی آواز سنائی دیتی ہے اور وہ تمام کام بھول کر صرف اسی آواز کو سنتی ہیں انہیں اذان کی آواز سن کر بہت سکون ملتا ہے، پریانکا کی مسلمانوں سے محبت کا ایک اور واقعہ حال ہی میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے اردن میں قائم مسلمان شامی پناہ گزین بچوں کے کیمپ کا دورہ کیا۔اداکارہ پریانکا چوپڑا 2016 سے یونیسف کی سفیر ہیں اوروہ مسلمان شامی مہاجرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لیےاردن میں قائم شامی پناہ گزین کے کیمپ پر پہنچیں جہاں انہوں نے شامی بچوں سے ملاقاتیں کیں ، ملاقات کے دوران انہوں نے نہ صرف بچوں کے ساتھ اچھا وقت گزارا بلکہ انہیں انگلش بھی سیکھائی اور خود ان سے عربی سیکھی۔

متعلقہ خبریں