کل شوال کا چاند نظر آنے کے کتنے امکانات ہیں؟ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کر دی

2019 ,جون 3



اسلام آباد(  ڈیسک) محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کا چاند 4 جون کی شام کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شوال کے چاند کی پیدائش آج دوپہر 3 بجکر 2 منٹ پر ہوگی اور یہ 4 جون کی شام کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔اس دوران ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف اور کبھی جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گزشتہ دنوں اگلے 5 سال کیلئے عید کی تاریخوں کااعلان کیا اوراپنا قمری کلینڈر لے کر میدان میں آگئے، جبکہ چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ بھی لانچ کردی۔فواد چوہدری نے موقف اختیار کیا تھا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے آسانی سے پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ چاند کب دکھے گا۔وفاقی حکومت کی جانب سے پہلے ہی عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے، وزارت داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات منگل 4 جون سے جمعہ 7 جون تک ہوں گی۔دوسری جانب وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کا کہنا ہے کہ شوال المکرم کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل 4 جون بمطابق 29 رمضان المبارک 1440 ھ کو کراچی میں ہوگا۔ دوسری جانب سعودی عرب میں عید کا چاند دیکھنے کے لیے اجلاس آج ہوگا جبکہ پاکستان میں شوال کے چاند کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل کو کراچی میں طلب کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری اپنے قمری کیلنڈر کے مطابق 5 جون بدھ کو عید کا اعلان کرچکے ہیں۔جبکہ کینیڈا اور امریکا میں اسلامی کیلنڈر کے تحت عید منگل کو ہوگی۔

متعلقہ خبریں