سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کے اعلان پر فواد چوہدری اور شیخ رشید کے درمیان اختلاف

2019 ,اگست 8



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کے اعلان پر شیخ رشید کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ٹرین بند کرنے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی اور وزارتِ خارجہ کرے گی، شیخ رشید یہ فیصلہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی جانب سے یہ فیصلہ آنا غلط ہے کیونکہ ریلوے کے وزیر یہ فیصلہ نہیں کر سکتے جبکہ اس معاملہ پر کابینہ میں بھی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا نقصان صرف پنجابیوں اور بھارت کے سکھوں کو ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کرتارپور بارڈر کھول رہے ہیں جس کی وجہ سے پوری دنیا کی سکھ کمیونٹی کا جذباتی تعلق پاکستان کے ساتھ ہے اس لیے سمجھوتہ ایکسپریس کے معاملے کو دیکھنا پڑے گا۔خیال رہے کہ آج صبح وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارت جانے والی سمجھوتی ایکسپریس بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ بھارت کو اس کی ٹرین مسافروں سمیت واپس لے جانے کا کہہ دیا ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ فیصلہ بھارتیاقدام کے جواب میں کیا ہے۔ بھارت نے شملہ معاہدے کو بھی تہہ و بالا کردیا۔ بھارت نے کشمیر سےمتعلق عالمی اداروں کی قرارداد کو تہہ و بالا کردیا۔بھارت نے لائن آف کنٹرول کے معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کےسفاکانہ، ظالمانہ ،مجرمانہ،غیر ذمہ دارانہ فیصلےکی مذمت کی گئی۔ مودی کی سیاست لال چوک سری نگر میں ختم ہوگی۔ انہوں نے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چل سکتی۔ سمجھوتہ ایکسپریس کی بوگیوں کو عید پر دیگر ٹرینوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں