سری دیوی کی بیٹی کا آنجہانی ماں کو جذباتی خط

2018 ,مارچ 8



ممبئی(مانیٹرنگ ڈسک): بالی ووڈ لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کے اچانک انتقال کے چند روز بعد ان کی بیٹی جھانوی کپور نے اپنی ماں کے نام ایک جذباتی اور متاثر کن خط لکھا جس نے پڑھنے والوں کی آنکھوں کو نم کردیا۔معروف بالی ووڈ اداکارہ سری دیوی 24 فروری کو دبئی کے جمیرا ایمرٹس ٹاورز میں اپنے باتھ روم ٹب میں‌ مردہ پائی گئیں تھی. ان کی اچانک موت نے دنیا بھر میں ان کے چاہنے والوں کو سوگوار کردیا۔اداکارہ کی آخری رسومات بھارت میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی تھیں۔گزشتہ روز ان کی بیٹی جھانوی کپور نے نہایت متاثر کن تحریر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی ماں سے بے پناہ محبت کا اظہار کیا۔

اپنی تحریر میں انہوں نے اپنی ماں کے لیے لکھا، ’آپ کے جانے کے بعد میں اندر سے کھوکھلی ہوچکی ہوں اور مجھے اسی کھوکھلے پن کے جینا سیکھنا ہوگا۔ اس خالی پن کے باوجود آپ کی محبت میرے اندر روشن ہے‘۔جھانوی نے لکھا کہ مجھے محسوس ہوتا ہے آپ مجھے غم اور تکلیف سے بچا رہی ہیں۔ ’میں جب بھی اپنی آنکھیں بند کرتی ہوں تو مجھے آپ کے ساتھ گزارا ہوا اچھا وقت یاد آتا ہے‘۔

انہوں نے اپنی والدہ کو اپنی بہترین دوست، اپنی خوشیوں کی سب سے بڑی وجہ اور اپنا سب کچھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس دنیا کے لیے نہیں تھیں، تب ہی انہیں اتنی جلدی واپس بلا لیا گیا۔ ’لیکن ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم نے آپ کو کچھ عرصے کے لیے پایا تھا‘۔

اپنی تحریر کے ساتھ جھانوی نے اپنے والدین کے ساتھ مختلف مواقعوں پر لی جانے والی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔

یاد رہے کہ جھانوی کپور بہت جلد فلم ’دھڑک‘ سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کرنے جارہی ہیں جس کے لیے آنجہانی سری دیوی نہایت پرجوش تھیں، تاہم فلم کے مکمل ہونے سے قبل ہی وہ اس دنیا سے چلی گئیں۔

متعلقہ خبریں