وہ ذبح خانہ جہاں گائے ذبح کرنے سے پہلے انہیں زبردستی 12 گھنٹے تک مسلسل پانی پلایا جاتا تھا، مگر کیوں؟

2018 ,نومبر 23



بیجنگ(مانیٹرنگ رپورٹ) ہمارے ہاں تو کچھ بدطینت قصاب جانور ذبح کرتے وقت پانی کا ایسا استعمال کرتے ہیں کہ گوشت کا وزن بڑھ جاتا ہے لیکن چین میں ایک ذبح خانہ ایسا ہے جو گوشت کا وزن بڑھانے کے لیے گائے کو ذبح کرنے سے پہلے ہی اتنا پانی پینے پر مجبو ر کر دیتے ہیں کہ سن کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ ذبح خانہ چین کے صوبے انہوئی کے علاقے چوآن جیاﺅ میں ہے جہاں گزشتہ روز پولیس نے چھاپہ مارا اور 29افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ لوگ گائے کو ذبح کرنے سے 12گھنٹے پہلے اس کی ناک کے ذریعے پانی کا پائپ اس کے جسم میں داخل کر دیتے تھے او ر مسلسل اس کے جسم میں پانی بھرتے رہتے تھے، جس سے گائے کے گوشت کا وزن بڑھ جاتا تھا۔

تفتیش کے دوران ان لوگوں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا اور بتایا کہ گائے کے جسم میں پانی داخل کرنے سے اس کے گوشت میں 5سے 10کلوگرام تک اضافہ ہو جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس ذبح خانے سے زیادہ تر سکولوں کو گوشت فراہم کیا جاتا تھا۔ ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگرچہ اس طریقے سے گوشت کے وزن میں معمولی اضافہ ہو جاتا ہے لیکن اس سے گوشت کے آلودہ ہونے کے امکانات بھی بہت بڑھ جاتے ہیں اور اسے کھانے والے لوگ بیمار پڑ سکتے ہیں۔

    متعلقہ خبریں