’’بیٹا تو واپس نہیں آسکتا مگر۔۔۔ ‘‘ جوان بیٹے کے رسم سوئم کے بعد قمر زمان کائرہ نے ایسی بات کہہ دی کہ ہر آنکھ اشکبار ہو گئی

2019 ,مئی 19



لاہور(مانیٹربگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی رسم سوئم کی تقریب ہوئی جس میں سیاسی شخصیات سمیت رشتے داروں اور اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے جواں سال بیٹے کی رسم سوئم میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں سوگوار شریک ہوئے۔ پاک پتن کے سجادہ نشین نے خصوصی دعا کرائی، جبکہ تعزیت کے لیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ مخدوم جاوید ہاشمی ، ریاض حسین پیزادہ ، سابق آئی ایس آئی چیف جنرل احمد شجاع پاشااور دیگر موجود تھے۔ قمر زمان کائرہ نے مشکل کی اس گھڑی میں غم بانٹنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’جوان بیٹے کا جنازہ اٹھانا کتنا مشکل کام ہے اس بات کا احساس کل ہوا، اسامہ اللہ کے مہمان تھے وہ چلے گئے، اللہ تعالیٰ اُن کی آگے کی منازل کا آسان کرے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ تعزیت کے لیے سیکڑوں کی تعداد میں لوگ گھر پر آئے کچھ نے پیغامات بھیجے، میڈیا نے خصوصی دعائیں کرائیں، میں تمام لوگوں کا مشکور ہوں کیونکہ اب اسامہ تو واپس نہیں آسکتا البتہ آپ کے شرکت سے ہمارے غم کچھ کم ہوئے۔ یاد رہے کہ 17 مئی کو پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے کی گاڑی کو ٹراما سینٹر جی ٹی روڈ کے قریب حادثہ اُس وقت پیش آیا تھا کہ جب تیز رفتاری میں وہ موڑ کاٹنے چاہتے تھے، اسی اثناء اُن سے گاڑی قابو نہیں ہوئی اور سیدھی درخت سے جاکر لگی۔ گاڑی درخت سے لگنے کے بعد مکمل تباہ ہوگئی جبکہ دونوں نوجوان جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے تھے، ملک کی سیاسی و عسکری قیادتوں نے بیٹے کی افسوسناک موت پر قمر زمان کائرہ اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کی۔دوسری جانب پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ اسامہ قمر اور حمزہ بٹ کی نماز جنازہ لالہ موسیٰ میں ادا کی گئی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، یوسف رضا گیلانی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور راجہ پرویز اشرف سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔ اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ کی تدقین لالہ موسیٰ کے مقامی قبرستان میں کر دی گئی ہے۔ قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر اور ان کے دوست حمزہ بٹ گزشتہ روز لالہ موسیٰ میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے جب کہ اسامہ قمر کا ایک دوست حادثے میں زخمی بھی ہوا تھا۔ وزیراعظم عمران خان، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے قمر زمان کائرہ کے بیٹے کے انتقال پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

متعلقہ خبریں