مجید نظامی وہ دیدہ ورتھے جوچمن کو مشکل سے ملتے ہیں

2017 ,جولائی 26



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک/پیر صبغت اللہ شاہ راشدی): حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر صاحب پگارا نے کہا ہے کہ روزنامہ نوائے وقت کے مدیر اعلیٰ مرحوم مجید نظامی ایک شخص ہی نہیں ایک عہد اور ایک تاریخ کا دوسرا نام ہیں، نظریہ پاکستان کے تحفظ، ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ اور وفاق پاکستان کے استحکام کے لئے انہوں نے جو گراں قدر خدمات سرانجام دیں انہیں پاکستان کی قومی تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ مجید نظامی مرحوم کی چوتھی برسی کے موقع پر ایک پیغام میں پیر صاحب پگارا نے کہا کہ مجید نظامی مرحوم مخض ایک مایہ ناز صحافی ہی نہیں بلکہ پاکستان اور نظریہ پاکستان کے سچے اور پرجوش محافظ تھے ان کی پوری زندگی پاکستان اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کے لئے وقف رہی۔ انہوں نے کہا کہ مجید نظامی مرحوم کے میرے والد شاہ مردان شاہ پیر پگارا مرحوم کے ساتھ بڑے گہرے مراسم تھے وہ جب کبھی بھی لاہور جاتے ان سے ضرور ملاقات کرتے ،اسی سبب مرحوم مجید نظامی ان کے لئے بھی ہمیشہ ایک بزرگ کی حیثیت سے قابل تعظیم رہے ہیں۔ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر صاحب پگارا نے کہا کہ جس طرح مرحوم مجید نظامی وفاق پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے بہت بڑے علمبردار تھے اسی سوچ کے حامل ہم بھی ہیں،ہمارے نزدیک پاکستان کی سلامتی اور وفاق پاکستان کا استحکام سب سے زیادہ مقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی یہ خوش قسمتی ہے کہ مرحوم مجید نظامی کے انتقال سے کچھ عرصے قبل ان کی لاہور میں انکی قیام گاہ پر ملاقات بھی ہوئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجید نظامی جیسے سچے وطن پرست لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں اور ان کی برسی کے موقع پر وہ اس بات کے لئے خلوص دل سے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مجید نظامی صاحب مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور انہوں نے نظریہ پاکستان اور وفاق پاکستان کے تحفظ اور استحکام کا جو عظم قومی مشن شروع کیا تھا وہ کامیابی سے ہمکنار ہو اور وطن عزیز کو اس وقت جن بحرانوں اور مسائل کا سامنا ہے وہ کامیابی کے ساتھ ان سے نکل کر ترقی و خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے۔

متعلقہ خبریں