موسم سہانا اور بجلی کی آنکھ مچولی

2017 ,جولائی 1



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): شدید گرمی کے بعد بالآخر کراچی میں بھی مون سون کی بارش نے سارے شکوے دور کر دیئے۔ بارش خوب برسی ہر طرف جل تھل ہو گیا۔ کراچی والے جو گرمی کے ستائے ہوئے تھے خوب انجوائے کرنے گھروں سے نکل پڑے۔ شہر کی سڑکوں پر وہ رش لگا کہ برساتی پانی سے کم اور شہریوں کی رش سے زیادہ ٹریفک جام ہو گئی۔ مگر برستی پھوار سے مست لوگ ساری تکالیف بھول گئے اور جو جہاں سے وہاں موج مناتا رہا۔ اس ساری خوشی کو بجلی والوں کی ایسی نظر لگی کہ شہر بھر میں بجلی نے آنکھ مچولی کھیلنا شروع کر دی۔ سہانے موسم کے خواب سچ بنے تو بجلی عذاب بن گئی۔

بات یہاں تک رہتی تو کوئی ملال نہ ہوتا۔ اکثر علاقوں میں تو مسلسل کئی کئی گھنٹے بجلی نے غائب ہونے کا معمول بنا لیا یوں چھٹیوں کا مزہ اور بارش کی خوشی غارت ہو گئی۔ اب خطرہ ہے کہ یہ بارش ایک دو روز اور جلوہ دکھاتی رہی تو کراچی کے گندگی سے اٹے نالے کہیں آؤٹ آف کنٹرول ہو کر سڑکوں کا رخ نہ کر لیں جس کے بعد پہلے سے سڑکوں پر کھڑا پانی جو تالاب کی شکل اختیار کر چکا ہے، جوہڑ میں نہ بدلنے لگے۔ یوں کراچی کی سڑکیں جو بارش نے دھو ڈالی تھیں ایک بار پھر کیچڑ سے لت پت نظر آئیں گی اور شہر اپنی پرانی حالت پر لوٹ آئے گا۔

متعلقہ خبریں