عجب عوام دوستی کے دعویدار ہیں یہ لوگ

2017 ,جون 20



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): بنی گالہ والوں کی طرف سے عرصہ دراز سے کورنگ نالے پر پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔ عمران خان بھی نالے پر پل کی تعمیر کے لئے آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ مارچ 2014ءمیں وزیراعظم میاں نواز شریف بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کی تو عمران خان نے اس سے پل کے تعمیر کی درخواست کی تھی۔ جس پر وزیراعظم نے کہا تھا کہ وہ جلد کورنگ نالہ کا پل بنوا دیں گے۔ بالاخر یہ پل گزشتہ دنوں مکمل ہو گیا۔ دیر آید درست آید۔ اب بنی گالہ کے عوام کو اس پل کے نہ ہونے سے جو سفری مشکلات درپیش تھیں ان کا خاتمہ ہو گا۔ ویسے یہ بات کتنی حیرت انگیز ہے کہ بنی گالہ کے عام غریب رہائشیوں کو چھوڑیں یہ جو ارب پتی جو وہاں کئی کئی سو کنالوں کے عالی شان محلات کے باسی ہیں کیا وہ خود اپنی مدد آپ کے تحت یہ کام نہیں کر سکتے تھے۔ یہ تو ان کے لئے معمولی سا کام تھا۔ یہ وہ لوگ ہیں دن رات عوام کے غم میں شمع کی مانند پگھلنے کے دعوے کرتے ہیں۔ مگر اپنے پلے سے عوام پر ایک دھیلا بھی خرچ کرنے کو تیار نہیں ہوتے۔ عجب عوام دوستی کے دعویدار ہیں یہ لوگ۔ چلیں جو ہونا تھا سو ہو چکا اب حکومت نے 3 سال میں بالاخر یہ معرکہ بھی سر کر لیا۔ اب بنی گالہ کے غریب رہائشی بارش کے دنوں میں نالہ برد ہونے سے بچ جائیں گے ورنہ بارش کے دنوں میں یہ عالی شان محلات والے تو مزے لیتے اور ان کے پہلو میں کچے پکے گھروں پر مشتمل باقی علاقہ عملاً محصور ہو کر رہ جاتا تھا۔

متعلقہ خبریں