گلوکار جواد احمد کی سیاسی پارٹی رجسٹر ہو گئی۔

2017 ,جون 5



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): پہلے کیا کم سیاسی جماعتیں کام کر رہی تھیں کہ اب ان میں ایک اور کا اضافہ ہو گیا۔ پاکستانی عوام کو مبارک ہو۔ گلوکار جواد احمد نے جو پارٹی بنائی ہے اس کا نام ہے۔ پاکستان برابر پارٹی۔ معلوم نہیں انہوں نے کیا سوچ کر اپنی جماعت کا نام ”برابری پارٹی“ رکھا ہے۔ پاکستان میں تو کوئی چیز برابر کی پسند نہیں کرتا۔ سب اعلیٰ سے اعلیٰ چیز پر ہاتھ مارتے ہیں۔

یادش بخیر عرصہ پہلے بھی محترم بزرگ دانشور و سیاستدان حنیف رامے نے بھی پاکستان مساوات پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔ جس کی صرف بنیاد رکھنے کی حد تک خبر سب کو معلوم ہے اس کے بعد اس غیر مساویانہ معاشرے میں وہ مساوات پارٹی بھی ایسے غائب ہوئی کہ اس کا سراغ نہیں ملتا۔ مرحوم حنیف رامے بھی ملک میں برابری کا خواب دیکھتے تھے اور سیاست میں آ کر ان کا یہ خواب ادھورا رہ گیا اب ڈر ہے کہیں برابری پارٹی کا بھی یہی حال نہ ہو کیونکہ ہمارے ملک میں مساوات ہو یا انصاف کسی کو برابری کی سطح میسر نہیں۔اس لئے یہاں جو بھی برابری کیلئے کام کرتا ہے وہ جلد توبہ تائب ہو جاتا ہے

بہرحال گلوکار جواد احمد نے جو قدم اٹھایا ہے اس پر قائم رہیں۔ گلوکار ابرار الحق بھی سیاست میں موجود ہیں مگر وہ تحریک انصاف سیالکوٹ کی حد تک ہی محدود ہو گئے ہیں۔ اگر وہ برابری کی بنیاد پر جواد احمد کے ساتھ مل جائیں تو شاید دونوں مل کر کچھ کر کے دکھا سکیں۔ ویسے بھی سیاسی جماعت کو جو کچھ کرنا پڑتا ہے‘ پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں کیا جواد بھائی اس کے لئے تیار ہیں....

متعلقہ خبریں