زرداری اور ان کے حواری بھنڈی کھایا کریں

2017 ,مئی 13



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): آخر باقی سبزیاں بھی موجود ہیں مگر یہ بھنڈی میں ایسا کون سا جادو اثر جزو پوشیدہ ہے کہ عابد شیر علی نے زرداری جی اور ان کے ٹولے کے لئے بطور غذا انہیں ہی تجویز کیا ہے۔ کہیں یہ زرداری صاحب کی پسندیدہ سبزی تو نہیں۔ اگر یہ عابد شیر کی دھمکی تھی تو انہیں مروجہ محاورے کے مطابق دال چپاتی کا ذکر کرنا چاہئے تھا کیونکہ لوٹ مار کرنے والوں کو بعد ازاں نامہ اعمال کے عوض یہی کھانے کو ملتا ہے۔ اب یہ سب کچھ ہونے کے بعد بھی ہمارے نامور لٹیرے حضرات ذرا بھی نہیں گھبراتے وہ کسی قیمت پر بھی لوٹ مار سے باز نہیں آتے۔ کیوں کہ کروڑوں اربوں روپے کی لوٹ مار کے بعد اگر کچھ عرصہ دال روٹی یا بھنڈی بھی کھانی پڑے تو یہ کوئی مہنگا سودا نہیں۔ کم از کم آج کل تو بارگیننگ کی پھیلی وبا کی بدولت یہ کام تو اور آسان ہو گیا ہے۔ کروڑوں اڑائو لاکھوں جمع کرائو اور ملک کے اندر یا باہر آرام کی زندگی بسر کرو۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں قانون کا خوف ختم ہو گیا ہے اور لوٹ مار کرنے والوں کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں۔ اب انہیں دال روٹی یا بھنڈی کھانے کے مشورے سے بھی ڈر نہیں لگتا۔ ویسے بھی بھنڈی سوکھی ہی مزیدار بنتی ہے شوربے والی تو شاید ہی کوئی پسند کرتا ہو۔ پیٹ پھاڑ کر لوٹی ہوئی دولت نکلوانے کے نعرے صرف جلسوں میں ہی سجتے ہیں حقیقت میں ایسا کچھ ہمارے ہاں نہیں ہوتا۔

متعلقہ خبریں