جمائما نے 15 سال پرانی رسیدیں ڈھونڈ لیں۔

2017 ,جون 2



لندن(مانیٹرنگ ڈیسک): عمران خان اپنے حریف نواز شریف کو عدالت میں لے گئے جس کے بارے میں ان کے رفیق خاص شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پہلے پپو کی 3 پیپرز میں کمپارٹ آئی تھی اب مکمل فیل ہوگیا۔ گرچہ شیخ صاحب کا ریکارڈ پیشنگوئیوں کے حوالے سے کافی خراب ہے۔ ان کی ہر سال ہر ماہ حکومت گئی آج گئی کل گئی کی پیشنگوئیوں کے باوجود حکومت اپنا آخری سال مکمل کر رہی ہے۔ مگر شیخ جی کا دل ہنوز بھرا نہیں ابھی تک جائے گی کی گردان جاری ہے۔ عمران خان اس خبر پر یقیناً خوشی سے پھولے نہیں سما رہے ہوں گے۔ کیونکہ اب کی بار تو لگتا تھا ان کی جان بھی شکنجے اندر آ گئی ہے۔ مگر جمائما نے اس مشکل میں بھی جس طرح ساتھ دیا وہ متاثر کن ہے۔ ورنہ مطلقہ تو رہی سہی کسر بھی نکالنے کا سوچتی ہیں۔ کتنی عجیب بات ہے کہ خان صاحب نے جسے طلاق دے کر جان چھڑائی آج خود اپنی بنی گالہ اراضی کیس میں اسی جمائما کے در دولت پر کاسہ اٹھائے مدد کے لئے کھڑے تھے۔ آفرین ہے جمائما پر جو ابھی تک مغربی لبادے میں بھی مشرقی دل رکھتی ہے۔ اپنی طلاق پر آج تک ایک لفظ نہیں بولی اور عمران خان کی طرف سے قانونی مدد کے لئے ریکارڈطلب کیا گیا تو جمائما نے آؤ دیکھا نہ تاؤ جھٹ سے مدد کا وعدہ کیا اور ایک دو روز میں ہی 15 سال پرانا ریکارڈ ڈھونڈ نکالا۔ اب جمائما نے سوشل میڈیا پر جو بیان جاری کیا ہے اس میں انہوں نے کہا کہ یہ رسیدیں چند دن میں عمران خان کو مل جائیں گی۔ کوئی اور ہوتا تو کیا وہ ایسا کرتا۔ سچ کہتے ہیں…

محبت کے لئے کچھ خاص دل مخصوص ہوتے ہیں

یہ وہ نغمہ ہے جو ہر ساز پہ گایا نہیں جاتا

اب کون کہہ سکتا ہے کہ دفا صرف مشرق میں پائی جاتی ہے۔ سچ پوچھیں تو اس وقت وفا ہمیں صرف جمائما میں ہی نظر آئی ہے۔

متعلقہ خبریں