تھی خبر گرم کہ غالب کے اڑیں گے پرزے

2017 ,جولائی 11



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک): چلئے خدا خدا کر کے یہ مرحلہ شوق بھی طے ہوا جس کے لئے بہت سے لوگ بے چین تھے۔ اب جو لوگ 10 جولائی کو سیاسی طوفان برپا ہوتا دیکھنے کے خواہشمند تھے ان کے تو ارمانوں پر اوس پڑ گئی ہو گی۔ کیونکہ بقول چچا غالب

تھی خبر گرم کہ غالب کے اڑیں گے پرزے

دیکھنے ہم بھی گئے پہ تماشہ نہ ہوا

اب عدالت میں پیش ہوئی رپورٹ کے مندرجات سامنے آرہے ہیں تو عمران خان کا دل بھی بلیوں اچھل رہا ہے جو اس رپورٹ کو اپنی سیاست کی کامیابی سے تعبیر کررہے ہیں۔ حزب اختلاف والوں کی تو درحقیقت ساری سیاست ہی اسی پانامہ لیکس سے جڑی جے آئی ٹی رپورٹ پر چل رہی ہے۔ شیخ رشید سے لے کر خورشید شاہ اور عمران خان تک سب اسی پٹاری کے کھلنے کے منتظر تھے حالانکہ سب جانتے ہیں کہ رپورٹ عدالت میں جانے کے بعد عدالت اس پر غور کرے گی مگر نجانے کیوں سب یار دوستوں نے اس سے بہت سے امیدیں ازخود وابستہ کر لیں۔ خود مسلم لیگ والے بھی اس سیاسی شوروغوغا سے متاثر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے متنازعہ رپورٹ کی پھلجڑیاں بھی چھوڑی جا رہی ہیں۔ یوں تو ہنوز یہ سیاسی جمعہ بازار کافی دن اور شور شرابے کا باعث بنتا نظر آتا ہے۔ عوام بھی ایسے تماشوں میں ہی دلچسپی لیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں